کراچی، شہر میں پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، ایک زخمی حالت میں گرفتار، دو ڈاکو فرار
فوٹو: فائل
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق اقبال مارکیٹ چشتی نگر میں مبینہ مقابلہ اس وقت پیش آیا جب ملزمان ایک شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کی۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا تاہم بعد ازاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی 15 ہزار روپے کی رقم برآمد کر لی۔
جبکہ ہلاک ملزم کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب لیاری علی محمد محلہ میں بغدادی پولیس نے ایک اور مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔
گرفتار ملزم کی شناخت 30 سالہ علی اصغر کے نام سے ہوئی ہے جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔