کراچی میں 200 موٹر سائیکلیں چھیننے والا گینگ گرفتار

ملزمان نے مزاحمت پر شہریوں کو قتل اور زخمی بھی کیا، ترجمان رینجرز

فوٹو: فائل

پاکستان رینجرز (سندھ) نے اورنگی ٹاؤن سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ''دارو گروہ'' سے تعلق رکھنے والے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں اصغر عرف باغیچہ، عبدالوحید عرف سنیل، ظہور عرف علی، گلزار عرف کُراڑو اور عرفان علی شامل ہیں جن کے قبضے سے 3 عدد موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی۔

ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ لاڑکانہ، اورنگی ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، غیر قانونی اسلحہ کی خرید و فروخت، موٹرسائیکل اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ پچھلے 3 سے 4 سالوں میں تقریباً 200 سے زائد موٹرسائیکلیں، 300 سے 400 موبائل فونز اور تقریباً 50 سے 60 لاکھ روپے چھیننے میں ملوث ہیں۔

گرفتار ملزمان چھینے گئے موٹرسائیکل اور موبائل فونز سستے داموں کراچی کے مختلف علاقوں میں فروخت کر دیتے تھے۔

گرفتار ملزمان عبدالوحید عرف سنیل اور ظہور عرف علی نے انکشاف کیا کہ اورنگی ٹاؤن میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ دو الگ الگ ڈکیتیوں کے دوران مزاحمت کرنے پر ایک خاتون اور ایک تاجر کو گولی مار کر زخمی کیا جو بعد ازاں جاں بحق ہو گئے۔

گرفتار ملزمان عبدالوحید عرف سنیل اور ظہور عرف علی سٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے علاوہ دیگر جرائم پیشہ افراد کو غیر قانونی اسلحہ بھی فراہم کرتے تھے۔

گرفتار ملزمان کے گروہ میں شامل دو ملزمان پہلے ہی پولیس تحویل میں ہیں جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، ملزمان کو بمعہ برآمد شدہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

Load Next Story