امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کا کردار بہترین ہے، کسی اور ثالث کی ضرورت نہیں؛ قطر

امریکا ایران مذاکرات کے دائرے کو وسیع کرنے یا کسی اور ملک کی شمولیت کی ضرورت نہیں ہے

پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے، نئے ثالث کی ضرورت نہیں، قطر

قطر نے ایک بار پھر امریکا اور ایران جنگ بندی مذاکرات میں کردار ادا کرنے پر کہا کہ پاکستان بہترین ثالثی کر رہا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق معمول کی پریس بریفنگ میں پاکستان ثالثی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا ایران مذاکرات کے دائرے کو وسیع کرنے یا کسی اور ملک کی شمولیت کی ضرورت نہیں ہے۔

قطری ترجمان ماجد الانصاری نے مزید کہا کہ قطر اس معاملے پر علاقائی سطح پر اور اس سے باہر اپنے تمام شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں۔ جنگ کے پرامن اور سفارتی حل کی حمایت کی جانی چاہیے۔

تاہم انھوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں تعطل سے خطہ کسی بھی منجمد تنازع کی طرف نہ چلا جائے جو وقتاً فوقتاً دوبارہ بھڑک سکتا ہے۔

قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کسی بھی ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ آبنائے ہرمز پر کسی بھی قسم کی دھمکی یا بندش کو قبول نہیں کریں گے۔

 

قطری ترجمان ماجد الانصاری نے آبنائے ہرمز کو سودے بازی کے لیے استعمال کرنے پر خبردار کیا کہ اس کا عالمی توانائی کے تحفظ سے براہِ راست تعلق ہے۔ دنیا کسی بھی غیر ذمہ دارانہ مہم جوئی کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

لبنان کے حوالے سے ماجد الانصاری نے اپنے ملک کی جانب سے لبنان اور اس کی مسلح افواج کے لیے حمایت کا اعادہ کیا اور پانچ رکنی کمیٹی کے فریم ورک کے تحت بین الاقوامی شراکت داروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ جاری ہم آہنگی کا حوالہ دیا۔

Load Next Story