کراچی، کورنگی میں ڈھاٹا باندھ کر ڈکیتی کرنے والا گروہ سرگرم، دن دہاڑے ریسٹورنٹ پر دھاوا

ڈاکوؤں نے خوف و ہراس پھیلانے کے لیے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے ہوائی فائرنگ بھی کی

کراچی:

شہر قائد کے علاقے ضلع کورنگی میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے بیچ عوامی کالونی میں واقع ایک ریسٹورنٹ پر دن دہاڑے ڈھاٹا باندھے مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بول دیا۔

چار ملزمان پر مشتمل گروہ نے نہایت بے خوفی کے ساتھ واردات کی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

بعد ازاں انہوں نے ریسٹورنٹ میں موجود شہریوں کو یرغمال بنا کر ایک ایک کی تلاشی لی اور موبائل فونز اور نقدی چھین لی۔

عینی شاہدین کے مطابق واردات کے دوران ڈاکوؤں نے خوف و ہراس پھیلانے کے لیے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے ہوائی فائرنگ بھی کی۔

واقعے کا مقدمہ عوامی کالونی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے تاہم مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل نہیں کی گئیں جس پر شہریوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ضلع کورنگی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور جرائم پیشہ عناصر بلا خوف سرگرم ہیں۔

شہریوں کے مطابق وارداتوں میں ملوث گروہ چہروں پر کپڑا (ڈھاٹا) باندھ کر آتے ہیں، جو ماضی میں اندرون سندھ کے کچے کے علاقوں میں سرگرم جرائم پیشہ گروہوں کا طریقہ سمجھا جاتا تھا لیکن اب یہی رجحان شہر کے گنجان علاقوں میں بھی دیکھنے میں آ رہا ہے۔

عوامی کالونی اور گردونواح میں رہنے والے افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈھاٹا باندھ کر وارداتیں کرنے والے گروہوں کے خلاف فوری اور مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔

متعلقہ

Load Next Story