کراچی میں پولیس مقابلے: ایک ڈاکو ہلاک، دو زخمی حالت میں گرفتار

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کی گئیں، پولیس

فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلوں میں ایک ملزم ہلاک جبکہ تین زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں گشت پر مامور پولیس نے موٹرسائیکل سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔

جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

گرفتار ملزم کی شناخت کامران علی ولد شمس الدین کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے پستول، ایمونیشن، خول، موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقدی رقم برآمد کی گئی ہے۔

اسلحہ فرانزک تجزیے کیلئے بھجوا دیا گیا جبکہ زخمی ملزم کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے سابقہ کرمنل ریکارڈ کی جانچ بھی کی جا رہی ہے اور فرار ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب گلبہار کے علاقے گولیمار حبیب پٹی کے قریب بھی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔

دونوں زخمیوں کوعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 22 سالہ اویس دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ دوسرے زخمی ملزم کی شناخت اصغر کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ

Load Next Story