آئی پی ایل: ڈریسنگ روم میں غیرقانونی حرکت، بھارتی کھلاڑی کو سزا سنادی گئی

معاملے کی مزید جانچ جاری ہے، کھلاڑیوں سمیت ٹیم آفیشلز کیخلاف سخت کارروائی کے آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے، بی سی سی آئی

راجستھان رائلز کے کپتان ریان پراگ کو آئی پی ایل 2026 کے دوران ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سزا کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے مطابق انہیں پنجاب کنگز کے خلاف نیو چندی گڑھ میں کھیلے گئے میچ کے دوران ڈریسنگ روم میں ویپ استعمال کرتے ہوئے پایا گیا تھا جس کے باعث ان پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا۔

بی سی سی آئی کے بیان کے مطابق یہ عمل آئی پی ایل کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی ہے جو ایسے رویے سے متعلق ہے جو کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچائے۔

ریان پراگ نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے دی گئی سزا کو قبول کرلیا۔

بورڈ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ معاملے کی مزید جانچ جاری ہے اور لیگ کی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے ٹیم، آفیشلز اور کھلاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کے آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب کچھ دن قبل راجستھان رائلز کے ٹیم مینجر رومی بھنڈر کو بھی ڈگ آؤٹ میں موبائل فون استعمال کرنے پر جرمانہ کیا گیا تھا۔

دونوں واقعات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ معاملات منظر عام پر آئے۔

Load Next Story