گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے 5 فیصد بڑھانے کا اعلان

اگر وفاقی حکومت نے اپنی پالیسیوں پرنظرثانی نہیں کی تو پاکستان کی ٹرانسپورٹ کا پہیہ رک جائے گا، صدرگڈز ٹرانسپورٹ الائنس

ٹرانسپورٹ جیسے اہم شعبے کی ترقی کے لئے کوئی اقدامات نہیں  کئے گئے،،گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن۔فوٹو: فائل

پاکستان گڈزٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے گڈزٹرانسپورٹ کے کرایے 5 فیصد بڑھانے کا اعلان کردیا۔

پاکستان گڈزٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئےکہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی پاکستان بھرکے ٹرانسپورٹرز شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور گڈز ٹرانسپورٹ کےکرائے 5 فیصد بڑھانے کا اعلان کرتےہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس سمیت موٹروے اورٹریفک پولیس کے چالان ختم کرنے کا اعلان کرے، وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہمارے ہزاروں ٹرانسپورٹرز گاڑیاں کھڑی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے اور گڈز ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دیا جا رہا ہے، ٹرک ٹریلر کو جو 80 ہزار سبسڈی وفاقی حکومت کی طرف سے دی جا رہی ہے وہ انتہائی کم ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ہمارے ایک ٹریلرکے ایک چکر میں اخراجات کا اضافہ دو لاکھ ہوا ہے، ایک مہینے میں ہمارے ٹرک ٹریلر 4 ٹرپ لگا رہے ہیں اور 8 لاکھ ہمارے اخراجات میں اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے، ملک کے وسیع ترمفاد میں گاڑیاں نقصان میں چلا رہے ہیں، جنگی حالات سے ہمارا ٹرانسپورٹ کا کاروبار بہت متاثر ہے، اگر وفاقی حکومت نے اپنی پالیسیوں پرنظرثانی نہیں کی تو پاکستان کی ٹرانسپورٹ کا پہیہ رک جائے گا۔

Load Next Story