آبنائے ہرمز تنازع اور عالمی بے چینی
مشرق وسطیٰ ایک بار پھر ایسی کشیدگی کی لپیٹ میں ہے جس کے اثرات محض علاقائی سیاست تک محدود نہیں بلکہ عالمی معیشت، توانائی کے نظام، بین الاقوامی سفارت کاری اور طاقت کے توازن تک پھیل چکے ہیں۔
حالیہ پیش رفتوں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ دنیا ایک ایسے نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جہاں کسی بھی غلط اندازے، جذباتی فیصلے یا طاقت کے بے جا استعمال کے نتیجے میں صورتحال قابو سے باہر ہو سکتی ہے۔ بظاہر جنگ بندی کے اعلانات، سفارتی بیانات اور عالمی برادری کی اپیلیں ایک امید کا پہلو پیش کرتی ہیں، لیکن پس پردہ جاری فوجی تیاریوں اور سخت بیانات نے اس امید کو غیر یقینی کے دبیز بادلوں میں چھپا دیا ہے۔
خام تیل کی قیمتوں میں تیز اضافہ اس بحران کی شدت کا پہلا واضح اشارہ ہے۔ جب عالمی منڈی میں قیمتیں 126 ڈالر فی بیرل تک پہنچیں تو یہ صرف ایک معاشی خبر نہیں تھی بلکہ ایک انتباہ تھا کہ توانائی کی سپلائی چین خطرے میں ہے۔ اگرچہ بعد میں قیمتیں کچھ کم ہو کر 113 ڈالر تک آئیں، مگر یہ کمی کسی استحکام کی علامت نہیں بلکہ وقتی اتار چڑھاؤ کا نتیجہ ہے۔ توانائی کی عالمی منڈی نفسیاتی عوامل سے بھی متاثر ہوتی ہے، اور جب سرمایہ کاروں کو خطرے کا احساس ہو تو قیمتوں میں معمولی خبر بھی بڑی تبدیلی لا سکتی ہے۔
اس تناظر میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال ایک مسلسل خطرے کے طور پر موجود ہے جو کسی بھی وقت قیمتوں کو دوبارہ بلند سطح پر لے جا سکتی ہے۔
امریکی انتظامیہ کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جنگ بندی کے بعد جنگ عملاً ختم ہو چکی ہے، لیکن اس دعوے کے ساتھ ساتھ ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کا جاری رہنا ایک واضح تضاد کو ظاہر کرتا ہے، اگر جنگ واقعی ختم ہو چکی ہے تو پھر نئے فوجی اتحاد کی تشکیل کی ضرورت کیوں محسوس ہو رہی ہے؟ اگر خطرہ ٹل چکا ہے تو پھر سینیٹرل کمانڈ کی جانب سے مختصر مگر طاقتور فضائی حملوں کے منصوبے کیوں تیار کیے جا رہے ہیں؟ یہ سوالات نہ صرف امریکی پالیسی کی سمت پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہیں بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی تشویش کا باعث ہیں۔
ایران کی جانب سے بھی ردعمل کسی طور کم سخت نہیں۔ ایرانی قیادت نے نہ صرف امریکی دھمکیوں کو مسترد کیا ہے بلکہ اپنے دفاعی اور جوہری پروگرام کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ خلیجی ممالک کے ساتھ مشترکہ تقدیر کی بات ایک اہم سفارتی اشارہ ہے، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ ایران خطے میں تنہائی کا شکار نہیں ہونا چاہتا بلکہ علاقائی تعاون کے ذریعے اپنے موقف کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
تاہم اس کے ساتھ استعمال ہونے والی سخت زبان اور جنگی بیانیہ کشیدگی کو کم کرنے کے بجائے مزید بڑھانے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔آبنائے ہرمز اس پورے بحران کا مرکزی محور بن چکی ہے۔ دنیا کی ایک بڑی مقدار میں تیل اسی راستے سے گزرتا ہے، اور اس میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کا مطلب ہے کہ عالمی معیشت کو فوری جھٹکا لگے گا۔ اقوام متحدہ کی جانب سے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار اس بات کا اعتراف ہے کہ یہ مسئلہ اب کسی ایک ملک یا خطے کا نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔
جب جہازوں کی آمد و رفت متاثر ہوتی ہے تو اس کا اثر نہ صرف تیل بلکہ خوراک، صنعتی اشیاء اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل پر بھی پڑتا ہے۔سمندری راستوں کی بندش کے بعد متبادل راستوں کا استعمال ایک نئی حقیقت کے طور پر سامنے آیا ہے۔ زمینی راستوں کے ذریعے سامان کی ترسیل میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے نہ صرف لاگت بڑھ رہی ہے بلکہ وقت بھی زیادہ لگ رہا ہے۔
جدہ بندرگاہ کا ایک نئے علاقائی مرکز کے طور پر ابھرنا اس تبدیلی کی ایک نمایاں مثال ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی یہ حقیقت بھی سامنے آ رہی ہے کہ موجودہ انفرا اسٹرکچر اس اضافی دباؤ کو برداشت کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار نہیں۔ نتیجتاً تاخیر، رش اور انتظامی مسائل بڑھتے جا رہے ہیں، جو عالمی سپلائی چین کو مزید کمزور کر رہے ہیں۔اس صورتحال نے عالمی تجارتی نظام کی کمزوری کو بھی بے نقاب کر دیا ہے۔ دہائیوں سے عالمی تجارت چند اہم راستوں اور بندرگاہوں پر انحصار کرتی رہی ہے، اور جب ان میں سے کسی ایک میں خلل پیدا ہوتا ہے تو پورا نظام متاثر ہو جاتا ہے۔ یہ حقیقت اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ دنیا کو اپنی سپلائی چین کو زیادہ متنوع اور لچکدار بنانے کی ضرورت ہے، تاکہ کسی ایک خطے میں بحران پیدا ہونے کی صورت میں پورا نظام متاثر نہ ہو۔امریکی صدر کی جانب سے آبنائے ہرمز کے نام سے متعلق تنازع نے اس بحران میں ایک نئی پیچیدگی پیدا کر دی ہے۔
جغرافیائی ناموں کی اپنی تاریخی اور ثقافتی اہمیت ہوتی ہے، اور ان میں تبدیلی یا غلط پیشکش کو اکثر سیاسی پیغام کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ ایران کا اس پر سخت ردعمل ظاہر کرتا ہے کہ یہ معاملہ صرف الفاظ کا نہیں بلکہ شناخت اور خودمختاری کا بھی ہے۔
ایسے اقدامات سفارتی ماحول کو مزید کشیدہ بنا سکتے ہیں اور مذاکرات کے امکانات کو کمزور کر سکتے ہیں۔خطے کے دیگر ممالک بھی اس صورتحال سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ خلیجی ریاستیں ایک طرف اپنی معیشت کو مستحکم رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں تو دوسری طرف سلامتی کے خدشات سے بھی دوچار ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کا عندیہ اس کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے، کیونکہ اس سے ایک وسیع تر علاقائی تصادم کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے۔ اس تناظر میں ہر ملک اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے مختلف حکمت عملی اختیار کر رہا ہے، جو مجموعی طور پر صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔
عالمی طاقتوں کا کردار بھی اس بحران میں انتہائی اہم ہے۔ ایک طرف امریکا اپنی بالادستی کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے، تو دوسری طرف دیگر بڑی طاقتیں بھی اس خطے میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے سرگرم ہیں۔ یہ طاقتوں کا ٹکراؤ ایک ایسے ماحول کو جنم دے رہا ہے جہاں چھوٹے ممالک کے لیے اپنی خودمختاری کو برقرار رکھنا مزید مشکل ہو رہا ہے۔ اس صورتحال میں عالمی برادری کی ذمے داری بڑھ جاتی ہے کہ وہ تنازعات کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کرے۔مذاکرات کی ضرورت پر زور دینا ایک مثبت قدم ہے، لیکن یہ اسی وقت مو ثر ہو سکتا ہے جب تمام فریق سنجیدگی سے اس میں حصہ لیں۔
محض بیانات یا وقتی جنگ بندیوں سے مسئلے کا حل ممکن نہیں۔ اس کے لیے اعتماد سازی، شفافیت اور باہمی احترام کی ضرورت ہے، اگر فریقین اپنے اپنے مؤقف پر سختی سے قائم رہیں گے تو مذاکرات محض ایک رسمی عمل بن کر رہ جائیں گے۔پاکستان جیسے ممالک کے لیے یہ صورتحال کئی حوالوں سے اہم ہے۔ تیل کی قیمتوں میں اضافہ براہ راست معیشت پر اثر انداز ہوتا ہے، جبکہ عالمی تجارتی نظام میں تبدیلیاں برآمدات اور درآمدات کو متاثر کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ سفارتی سطح پر بھی ایک متوازن پالیسی اختیار کرنا ضروری ہے، تاکہ کسی بھی بڑے تنازع میں غیر ضروری طور پر ملوث ہونے سے بچا جا سکے۔اس بحران نے ایک اور اہم پہلو کو بھی اجاگر کیا ہے، اور وہ ہے اطلاعاتی جنگ۔ مختلف بیانات، میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات نے حقیقت کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ ہر فریق اپنی کہانی کو اس انداز میں پیش کر رہا ہے جو اس کے مفادات کے مطابق ہو، جس سے عالمی عوام کے لیے حقیقت تک پہنچنا مشکل ہو گیا ہے۔
اس صورتحال میں ذمے دار صحافت اور مستند معلومات کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔معاشی اثرات کے ساتھ ساتھ اس بحران کے انسانی پہلو کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ جنگ یا اس کے خدشات ہمیشہ عام لوگوں کو سب سے زیادہ متاثر کرتے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، اشیائے ضروریہ کی قلت اور عدم تحفظ کا احساس وہ عوامل ہیں جو معاشروں کو اندر سے کمزور کر دیتے ہیں۔ اگر یہ صورتحال طول پکڑتی ہے تو اس کے اثرات آنے والی نسلوں تک محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ماحولیاتی اثرات بھی اس بحران کا ایک اہم مگر اکثر نظر انداز ہونے والا پہلو ہیں۔ جنگی سرگرمیاں، تیل کی ترسیل میں رکاوٹیں اور متبادل راستوں کا استعمال ماحول پر اضافی دباؤ ڈال سکتے ہیں۔
اس سے نہ صرف آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ قدرتی وسائل پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ یہ ایک ایسا پہلو ہے جس پر عالمی برادری کو سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ موجودہ صورتحال ایک کثیر جہتی بحران کی شکل اختیار کر چکی ہے، جس میں سیاسی، معاشی، عسکری اور سماجی پہلو ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ اس کا حل بھی اسی وقت ممکن ہے جب ان تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع حکمت عملی اختیار کی جائے۔ محض فوجی طاقت یا اقتصادی دباؤ سے مسائل کا حل نکالنے کی کوششیں عموماً الٹا اثر ڈالتی ہیں۔
وقت کا تقاضا یہی ہے کہ تمام فریقین تصادم کے بجائے مکالمے کو ترجیح دیں، اپنے اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کریں اور عالمی استحکام کو ذاتی یا قومی مفادات پر فوقیت دیں۔ بصورت دیگر یہ بحران نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ پوری دنیا کو ایک ایسے عدم استحکام کی طرف لے جا سکتا ہے جس سے نکلنا آسان نہیں ہوگا۔