کراچی؛ منشیات فروشوں کیخلاف بڑی کارروائی، گینگ کی سرغنہ انمول عرف پنکی گرفتار
فوٹو: فائل
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے منشیات فروش گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کرلی۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران پوش علاقوں میں مہنگی منشیات فراہم کرنے والے گروہ کی سرغنہ انمول عرف پنکی کو حراست میں لے لیا گیا۔ ملزمہ طویل عرصے سے شہر کے پوش علاقوں میں آئس اور کوکین کی فراہمی میں ملوث رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ کراچی میں منشیات فروشی کا منظم نیٹ ورک چلا رہی تھی اور گزشتہ کئی برسوں سے اس غیر قانونی دھندے میں سرگرم تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمہ ماہانہ کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث رہی ہے۔
ملزمہ انمول عرف پنکی کوکین، آئیس، ایکسٹیسی اور پارٹی پلز کا دھندہ کرتی تھی۔ ملزمہ نے نشہ آور اشیاء کی فروخت میں استعمال کئے جانے والے باکس پر اپنے نام کی برینڈینگ بھی کروائی ہوئی تھی۔ ان ڈبوں کے بالائی حصے پر "کوئن میڈم پنکی "ڈان" نامی کی کافی ہے" کی تحریر لکھی جاتی تھی۔
ذرائع کے مطابق ملزمہ کئی سالوں سے پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھی جسکی گرفتاری کیلئے درجنوں چھاپہ مار کارروائیاں کی جا چکی ہیں ۔
ملزمہ تعلیمی اداروں میں بھی منشیات فروخت کرنے کے حوالے سے پولیس کو مطلوب رہی کے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمہ کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے، جہاں اس سے اہم انکشافات متوقع ہیں ۔
ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران مزید اہم گرفتاریاں اور نام بھی سامنے آ سکتے ہیں ۔