لاہور: فلیٹ میں خاتون سمیت دو بچے فائرنگ سے قتل، ملزم کی خود کو گولی مار کر خودکشی
فوٹو: فائل
لاہور کے علاقے مزنگ میں ایک فلیٹ کے اندر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں خاتون سمیت دو بچوں کو قتل کر دیا گیا جبکہ ملزم نے بعد ازاں خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت عائشہ کے نام سے ہوئی جبکہ بچوں میں 14 سالہ مصفیرا اور 12 سالہ منیب شامل ہیں۔ واقعے میں دو بچے ثمرہ اور مناہل زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم شاہد جٹ، جو مزنگ میں پراپرٹی ڈیلر تھا، نے فلیٹ میں اندھا دھند فائرنگ کی اور بعد ازاں خود کو بھی گولی مار لی۔
ایس ایس پی آپریشن لاہور توقیر انجم نے موقع واردات کا دورہ کیا، انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ رشتہ کے تنازع پر پیش آیا، عائشہ بیوہ خاتون اور ننکانہ کی رہائشی تھی۔
توقیر انجم کے مطابق قاتل شاہد جٹ کا مقتول خاتون کے گھر آنا جانا تھا، شاہد نے ہی اُسے فلیٹ کرائے پر لیکر دیا تھا، کچھ عرصہ قبل شاہد نے مقتول خاتون سے اُس کی 18 سالہ بیٹی کا رشتہ مانگا جس سے خاتون نے انکار کردیا تھا اور زخمی لڑکی کا نکاح دو ماہ قبل کسی اور شخص سے کیا تھا۔ اسی رنجش کی بنا پر مقتول خاتون اور قاتل شاہد جٹ میں اختلافات پیدا ہوئے۔
مزنگ پولیس نے مقتولہ عائشہ کے داماد معیز خان کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا، ایف آئی آر کے مطابق مدعی نے بتایا کہ ملزم نے فلیٹ پر آتے ہی دروازہ توڑ کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں میری ساس، ایک سالی اور ایک سالہ جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ سے میری اہلیہ ثمرہ اور سالی مناہل زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد ملزم شاہد نے اپنی کنپٹی پر گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔