ماؤں، بہنوں، بیٹیوں تمہیں سلام
یکم مئی، یومِ مزدور، دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی منایا گیا،جہاں محنت کشوں کی جدوجہد، حقوق اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ معاشی نظام کی بنیاد انھی ہاتھوں پر کھڑی ہے جو روزانہ محنت کر کے زندگی کا پہیہ چلاتے ہیں، تاہم یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اس دن کی تقریبات، بیانات اور سرکاری و غیر سرکاری سطح پر ہونے والی گفتگو کے بعد بھی بہت سے بنیادی سوالات تشنہ رہ جاتے ہیں، خصوصاً جب بات خواتین محنت کشوں کی ہو۔
یومِ مزدور محض ایک تعطیل یا رسمی تقریب نہیں بلکہ یہ عالمی سطح پر محنت، جدوجہد اور انسانی وقار کے اعتراف کی علامت ہے۔ یہ وہ دن ہے جو ہمیں اس تاریخی شعور کی یاد دلاتا ہے کہ محنت کش طبقات نے اپنے حقوق کے لیے طویل اور کٹھن جدوجہد کی ہے، مگر پاکستان کے سماجی و معاشی تناظر میں یہ دن صرف ماضی کی یاد نہیں بلکہ حال کے احتساب اور مستقبل کی سمت متعین کرنے کا ایک اہم موقع بھی ہے۔
سوال یہ ہے کہ کیا واقعی ہم نے اپنی محنت کش خواتین اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوںکو وہ مقام، تحفظ اور انصاف فراہم کیا ہے جس کی وہ مستحق ہیں؟ یہی وجہ ہے کہ یومِ مزدور کے بیانیے کو صرف عمومی مزدور طبقے تک محدود رکھنا کافی نہیں، بلکہ خواتین کارکنان کے مخصوص مسائل کو اس کے مرکز میں لانا ناگزیر ہے۔
اس عالمی موقع پر ان تمام ماؤں کو سلام پیش کیا جاتا ہے جو دھوپ، تھکن اور مسلسل محنت کے باوجود اپنے بچوں کے لیے رزق کا بندوبست کرتی ہیں، ان بہنوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے جو فیکٹریوں، کھیتوں، اینٹوں کے بھٹوں اور گھروں میں خاموشی سے معاشی نظام کو سہارا دیتی ہیں اور ان بیٹیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے جو کم عمری میں ذمے داریوں کا بوجھ اٹھا کر اپنے خاندانوں کے لیے امید کی کرن بنتی ہیں۔
یہ جذباتی الفاظ نہیں بلکہ ایک معاشرتی حقیقت کا اعتراف ہے کہ ان کے بغیر نہ گھر چل سکتا ہے اور نہ ہی معیشت اپنی رفتار برقرار رکھ سکتی ہے۔
پاکستان کی معیشت کی خاموش مگر مضبوط بنیاد وہ لاکھوں خواتین ہیں جو گھروں، کھیتوں، فیکٹریوں اور غیر رسمی شعبوں میں اپنی محنت سے نظامِ زندگی کو رواں رکھتی ہیں۔ یہ خواتین صرف مزدور نہیں بلکہ ماں، بیٹی، بیوی اور خاندان کی معاشی بقا کی ضامن بھی ہیں، اگرچہ لیبر فورس میں ان کی شمولیت بظاہر کم دکھائی دیتی ہے، مگر غیر رسمی معیشت میں ان کا کردار انتہائی وسیع اور فیصلہ کن ہے۔
زرعی شعبہ ہو، گارمنٹس انڈسٹری، اینٹوں کے بھٹے ہوں یا گھریلو ملازمت،ہر جگہ خواتین کی محنت معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتی ہے۔
بدقسمتی سے اس اہم کردار کے باوجود خواتین مزدور کو کئی سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ سب سے نمایاں مسئلہ اجرت میں صنفی عدم مساوات ہے، جہاں خواتین کو اکثر مردوں کے مقابلے میں کم اجرت دی جاتی ہے، حالانکہ ان کی محنت اور کام کی نوعیت میں کوئی بنیادی فرق نہیں ہوتا۔
کھیتوں میں کپاس چننے والی خواتین ہو یا فیکٹریوں میں کام کرنے والی محنت کش خواتین، دونوں طویل اوقات اور سخت جسمانی مشقت کے باوجود کم معاوضہ حاصل کرتی ہیں۔ یہ صرف معاشی ناانصافی نہیں بلکہ ایک گہری سماجی سوچ کی عکاسی بھی ہے جو خواتین کی محنت کو کم تر سمجھتی ہے۔
اسی طرح صحت اور تحفظ کے مسائل بھی انتہائی سنگین ہیں۔ کام کی جگہوں پر بنیادی سہولیات کا فقدان، غیر محفوظ ماحول اور طویل اوقات کار خواتین کی جسمانی اور ذہنی صحت پر براہِ راست اثر ڈالتے ہیں۔ غیر رسمی شعبوں میں حاملہ خواتین کے لیے صورتحال اور بھی مشکل ہو جاتی ہے، جہاں انھیں بغیر کسی رعایت کے کام جاری رکھنا پڑتا ہے، کیونکہ روزگار کھو دینے کا خوف ان کی مجبوری بن جاتا ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف موجودہ نسل بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی خطرات پیدا کرتی ہے۔
کام کی جگہ پر ہراسانی اور عدم تحفظ خواتین محنت کشوں کے لیے سب سے زیادہ تکلیف دہ مسئلہ ہے۔ یہ مسئلہ صرف انفرادی رویوں تک محدود نہیں ،بلکہ ایک منظم استحصالی نظام کی صورت اختیار کر چکا ہے۔
فیکٹریوں، کھیتوں اور گھریلو کام کے مقامات پر خواتین کو زبانی، جسمانی اور نفسیاتی ہراسانی کا سامنا رہتا ہے۔ کئی مواقعے پر انھیں یہ احساس دلایا جاتا ہے کہ ان کی ملازمت کا تسلسل ان کی خاموشی سے مشروط ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ زندگی کو متاثر کرتی ہے بلکہ ان کی ذہنی صحت اور خود اعتمادی کو بھی کمزور کرتی ہے۔
سماجی و ثقافتی رکاوٹیں اس مسئلے کو مزید پیچیدہ بنا دیتی ہیں۔ پاکستانی معاشرے میں اب بھی ایک مضبوط تصور موجود ہے کہ عورت کا بنیادی کردار گھر تک محدود ہے اور گھر سے باہر کام کرنا اس کے سماجی کردار سے انحراف سمجھا جاتا ہے۔
اس سوچ کے نتیجے میں کام کرنے والی خواتین کو نہ صرف پیشہ ورانہ چیلنجز بلکہ خاندانی دباؤ، سماجی تنقید اور کردار کشی کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ مسلسل دباؤ ان کی پیشہ ورانہ ترقی کو محدود کر دیتا ہے اور بہت سی خواتین یا تو ملازمت چھوڑ دیتی ہیں یا غیر محفوظ حالات میں کام کرنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔
ان تمام مسائل کے حل کے لیے جامع پالیسی اقدامات ناگزیر ہیں۔ سب سے پہلے قانون کے موثر نفاذ کو یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ ہراسانی کے خلاف موجود قوانین محض کاغذی حیثیت نہ رکھیں بلکہ عملی طور پر کام کریں۔ اسی طرح’’ برابر کام کے لیے برابر اجرت ‘‘کے اصول کو حقیقی معنوں میں نافذ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ غیر رسمی شعبے کی خواتین کو سوشل سیکیورٹی، ہیلتھ انشورنس اور پنشن جیسے نظاموں میں شامل کرنا ان کے معاشی تحفظ کے لیے بنیادی قدم ہوگا۔
مزید یہ کہ خواتین کے لیے محفوظ ٹرانسپورٹ، ڈے کیئر سینٹرز اور بہتر کام کی جگہوں کی فراہمی ان کی معاشی شرکت کو بڑھا سکتی ہے۔ سماجی سطح پر میڈیا، تعلیم اور مذہبی و سماجی اداروں کو چاہیے کہ وہ خواتین کی محنت کو عزت دینے اور صنفی مساوات کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کریں۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ صنفی بنیاد پر مستند ڈیٹا کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ موثر پالیسی سازی ممکن ہو سکے۔یومِ مزدور کا حقیقی مفہوم تب ہی مکمل ہوگا جب خواتین محنت کشوں کو وہی عزت، تحفظ اور حقوق حاصل ہوں جو کسی بھی محنت کش کا بنیادی حق ہیں۔
پاکستان کی ترقی کا دار و مدار اس بات پر ہے کہ وہ اپنی خواتین کو کس حد تک بااختیار بناتا ہے۔ جب فیکٹری، کھیت اور گھر میں کام کرنے والی ہر خاتون یہ محسوس کرے کہ اس کی محنت کی قدر بھی ہے اور اس کی عزت بھی محفوظ ہے، تب ہی ایک منصفانہ، متوازن اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے۔
یومِ مزدور گزر جانے کے بعد اصل امتحان شروع ہوتا ہے کہ آیا ہم اس دن کے پیغام کو عملی اقدامات میں بدل پاتے ہیں یا نہیں، اگر خواتین محنت کشوں کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کی سمت میں پیش رفت نہ کی گئی تو یہ دن محض ایک علامتی تقریب بن کر رہ جائے گا، لیکن اگر اس موقع کو حقیقی اصلاحات اور سماجی تبدیلی کے آغاز کے طور پر لیا جائے تو یہی دن ایک نئے، منصفانہ اور روشن مستقبل کی بنیاد بھی بن سکتا ہے۔