کراچی، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج جلسے میں تبدیل، بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت

کھوکھراپار کے علاقے میں 10 گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے

کراچی:

شہر کے علاقے ملیر میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں کا صبر جواب دے گیا مختلف علاقوں کے مکینوں نے ماڈل کالونی میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملیر ماڈل کالونی، کھوکھراپار، جعفر طیار سوسائٹی، ملیر سٹی اور گرد و نواح میں کئی کئی گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے جس نے معمولات زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔

شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔

احتجاجی مظاہرے میں شریک افراد نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا فوری خاتمہ کیا جائے اور لوڈشیڈنگ کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے تاکہ عوام کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر مسئلہ حل نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

Load Next Story