مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے ایک ملزم ہلاک زخمی سمیت 5 ملزمان گرفتار
فوٹو: فائل
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ملزم ہلاک جبکہ 4 زخمی سمیت 5 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
ترجمان ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ایسٹ زون کے علاقے فیروز آباد میں شاہین فورس کا سوسائٹی قبرستان کے قریب ڈاکوؤں سے مبینہ مقابلہ ہوا، جہاں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فائرنگ کرتا ہوا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، موٹر سائیکل اور نقدی رقم برآمد کرلی۔
لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ایس ایچ او تھانہ فیروزآباد عدیل افضال کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت عادل عرف پچھاڑی کے نام سے کرلی گئی ہے جسکا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11.5 گلشن ضیاء بلاک اے، بھاشانی پمپ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزمان کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں ملزموں کی شناخت 28 سالہ جنید ولد یوسف، 26 سالہ فیصل ولد عزیز اور 18 سالہ اویس ولد علی حسن کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جارہا ہے.۔
دوسری جانب تھانہ جمشید کوارٹرز کی حدود میں کشمیر روڈ کے قریب ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، اس دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں زخمی سمیت 2 ملزمان۔ کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان۔ ایسٹ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد شفیق ولد رشید احمد کے نام سے ہوئی ہے جو زخمی حالت میں ہے، جبکہ دوسرے ملزم کا نام راشد ولد محمد علی بتایا جاتا ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس نے ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے سابقہ کرمنل ریکارڈ کی بھی جانچ کی جارہی ہے ۔