اسمگلنگ کی دو بڑی کوششیں ناکام، 20 کروڑ 49 لاکھ روپے مالیت کا سامان پکڑا گیا
فوٹو: میڈیا
کسٹمز کی انسداد اسمگلنگ آرگنائزیشن نے اسمگلنگ کی دو بڑی کوششیں ناکام بنادی جن میں 20 کروڑ 49 لاکھ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیاء پکڑلی گئیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق پاکستان کسٹمز کی انسداد سمگلنگ آرگنائزیشن (اے ایس او) ملتان نے علیحدہ علیحدہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں اسمگلنگ کی دو بڑی کوششوں کو کامیابی سے ناکام بناتے ہوئے منظم اسمگلنگ نیٹ ورکس کو نمایاں نقصان پہنچایا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق پہلی کارروائی میں اے ایس او ملتان کی ٹیم نے سرور شہید چوک، مظفر گڑھ کے مقام پر ایک بیڈ فورڈ ٹرک کو روک کر تحویل میں لے لیا، یہ گاڑی حیدرآباد جا رہی تھی اور اس میں دھوکا دہی کے طور پر خالی کارٹن لوڈ کیے گئے تھے تاکہ اسمگل شدہ سامان کو چھپایا جا سکے، تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران تقریباً 2,700 کلوگرام اسمگل شدہ ایسیٹیٹ ٹاؤ برآمد کیا گیا جس کی مالیت تقریباً 175.5 ملین روپے ہے۔
ایک اور کامیاب کارروائی میں اے ایس او ملتان کی ٹیم نے شیر شاہ موٹروے ریسٹ ایریا پر ایک مشکوک ہینو چلر کنٹینر کو روکا، تفصیلی معائنہ کے دوران فرنٹ کیبن کے پیچھے ایک خفیہ خانہ دریافت ہوا جس میں غیر ملکی ساختہ اسمگل شدہ سامان چھپایا گیا تھا۔
برآمد شدہ اشیاء میں 135 کارٹن (6,750 آؤٹرز) رائل بزنس برانڈ سگریٹس شامل ہیں جن کی مالیت تقریباً 16.8 ملین روپے ہے جبکہ 505 بوریاں خشخاش کے بیج (12,625 کلوگرام) بھی برآمد ہوئیں جن کی مالیت تقریباً 12.6 ملین روپے ہے۔
کنٹینر کے پچھلے حصے میں 550 خالی پلاسٹک فروٹ باسکٹس موجود تھیں جو بطور پردہ استعمال کی جا رہی تھیں اس کیس میں ضبط شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 29.4 ملین روپے ہے۔
دونوں کیسز میں ضبط شدہ سامان اور گاڑیوں کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا، ملوث افراد کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔