کراچی، ماڑی پور، درخشاں اور بوٹ بیسن پولیس کی کارروائیوں کے دوران 2 خواتین سمیت 10 ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، پولیس

فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد میں ماڑی پور ، درخشان اور بوٹ بیسن پولیس نے کارروائیوں کے دوران 2 خواتین سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ ، انڈین گٹکا ، چوری شدہ موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق ماڑی پور پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ہاکس بے ٹرٹل بیچ پر واقع ہٹ میں فائرنگ کرتے ہوئے 3 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان غوث بخش ، امیر محمد خان اور عثمان خان سے تین غیر قانونی نائن ایم ایم پستولیں بمعہ گولیاں برآمد کی گئی۔

گرفتار ملزمان کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ اور ہوائی فائرنگ کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے۔

کیماڑی پولیس نے عوام الناس سے گزارش کی ہے کہ ساحل سمندر پر ہوائی فائرنگ ، ہلڑ بازی و دیگر غیر اخلاقی سرگرمیوں سے اجتناب کریں بصورت دیگر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

درخشاں پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب کاروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی کے مطابق گرفتار ملزم شاہ سوار ولد محمد کمال سے کھارادر کے علاقے سے چوری کی گئی موٹرسائیکل نمبر KLD-9600 برآمد کر لی گئی۔

گرفتار ملزم متعدد موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

بوٹ بیسن پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب کارروائی کرتے ہوئے گٹکا ماوا فروشی میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے مطابق گرفتار ملزم عنایت اللہ ولد مولوی امین اللہ سے ایک ہزار 745 پیکٹ انڈین گٹکا آداب ، جے ایم اور سفینہ برآمد کیے گئے۔

گرفتار ملزم کے خلاف دفعہ 8(1)(2) گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت بوٹ بیسن تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

درخشاں پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ڈیفنس فیز 5 خیابان مجاہد اسٹریٹ 10 پر قائم ایک مقام پر چھاپہ مار کر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ملزمان دو خواتین سمیت 5 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی کے مطابق گرفتار ملزمان میں سجاد ، محمد احمد ، نعمان بٹ ، اقرا اور ندا مائی شامل ہیں، گرفتار ملزمان کے خلاف درخشاں تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ۔

Load Next Story