آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریا کے جہاز پر ممکنہ حملہ؛ آگ بھڑک اُٹھی
جہاز پر اس وقت 24 افراد سوار تھے، جن میں 6 جنوبی کوریائی شہری اور 18 غیر ملکی عملہ شامل تھا
آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریا سے وابستہ ایک بحری جہاز میں دھماکے کے آگ بھڑک اُٹھی۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق جنوبی کوریا کی شپنگ کمپنی ایچ ایم ایم کے ترجمان نے تصدیق کی کہ تجارتی جہاز کے انجن روم میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
جنوبی کوریا کی وزارتِ خارجہ نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جہاز پر اس وقت 24 افراد سوار تھے جن میں 6 جنوبی کوریائی شہری اور 18 غیر ملکی عملہ شامل تھا۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جنوبی کوریا کے تجارتی جہاز پر لگنے والی آگ ممکنہ طور پر کسی حملے کا نتیجہ تھی تاہم اس حوالے سے ابھی تحقیقات جاری ہیں جب کہ جہاز پر موجود عملے کے بارے میں بھی معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ آج ہی ایران نے آبنائے ہرمز میں امریکی بحریہ کے ڈسٹرائر جہاز کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا۔
ادھر متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ آبنائے ہُرمُز میں ایران نے اس کے آئل ٹینکر کو 2 ڈرونز سے نشانہ بنایا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اماراتی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایرانی پاسداران کے تجارتی جہازوں پر حملے آبنائے ہرمز بحری قزاقی ہے۔ جس سے عالمی معیشت کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔