ایرانی جارحیت ناقابل قبول ہے، جواب دینے کا حق رکھتے ہیں؛ متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات نے ایران کے 15 میزائل اور 4 ڈرونز مار گرانے کا بھی دعویٰ کیا ہے

ایران سے اعتماد میں بحالی میں برسوں لگ جائیں گے؛ مشیر اماراتی صدر

ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں پر متحدہ عرب امارات نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دینے کا پورا حق رکھتے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات نے ایران کے میزائلوں اور ڈرونز حملوں کو خطرناک اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے زور دیکر کہا کہ اپنی خودمختاری اور سلامتی کو متاثر کرنے والی کسی بھی شرانگیزی کا بھرپور جواب دینے کا حق رکھتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی حملے کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ یہ بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے منشور کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے داگے گئے 15 میزائل اور ڈرون کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا جب کہ ایک ڈرون سمندر میں گر گیا۔

البتہ دو ڈرونز متحدہ عرب امارات کے صنعتی علاقے فجیرہ میں آئل تنصیب پر گرے جس سے زور دار دھماکا ہوا اور شدید آگ بھڑک اُٹھی جس میں 3 غیرملکی زخمی بھی ہوگئے جن کا تعلق بھارت سے ہے۔

ایران نے متحدہ عرب امارات کے اس بیان پر تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا ہے تاہم ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے نے ایک سینیئر اہلکار کا بیان جاری کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کا متحدہ عرب امارات پر حملے کا کوئی ارادہ نہیں تھا اور نہ ہے تاہم بیان میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے نے یہ بیان دینے والے ایران کے سینیئر اہلکار کا نام بھی ظاہر نہیں کیا۔

Load Next Story