میٹرک بورڈ کراچی کے چیئرمین کا استعفی محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کو موصول

سمری بناکر وزیر اعلی سندھ کو بھجوارہے ہیں، سیکریٹری ہونیورسٹیز اینڈ بورڈ

میٹرک بورڈ کراچی کے چیئرمین غلام حسین سہو کا استعفی محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کو موصول ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق غلام حسین سہو نے اپنا استعفی پیر کی شام محکمہ کو بھجوایا تھا۔ سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے استعفی موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ 

سیکریٹری ہونیورسٹیز اینڈ بورڈ عباس بلوچ نے کہا کہ میٹرک بورڈ کراچی اور تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے مستعفی چیئرمینز کے استعفی مل گئے ہیں۔ سمری بناکر وزیر اعلی سندھ کو بھجوارہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین میٹرک بورڈ نے اپنے خلاف کی گئی محکمہ جاتی انکوائری کے نتائج سے بچنے کے لیے استعفی دیا، میٹرک کے امتحانات میں بد نظمی و بد انتظامی کے معاملہ پر انکوائری رپورٹ ایک ہفتے سے وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے پاس ہے۔ 

وزیر بورڈز اسماعیل راہو کے ہدایت پر قائم کمیٹی نے رپورٹ ایک ہفتے قبل مکمل کی۔ رپورٹ کے مطابق میٹرک  امتحانات کے دوران بورڈ انتظامیہ  نے 170 سے زائد امتحانی مراکز میں گڑبڑ کی جبکہ مطالبہ کیا گیا کہ امتحانات میں بدانتظامی میں ملوث تمام عہدیدارواں  کو سخت سزائیں دی جائیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ چیئرمین  میٹرک بورڈ کراچی بورڈ غلام حسین سوہو کو فوری معطل کیا جائے۔ ناظم امتحانات میٹرک بورڈ کراچی احمد خان چھٹو کو فوری  بھی عہدے سے معطل کیا جائے اور دونوں افراد کے خلاف اینٹی کرپشن کے ذریعے کرمنل  کارروائی کی جائے۔ 

Load Next Story