پی ٹی آئی کی ذمہ داری ہے وہ عمران خان کے علاج کیلیے حکومت پر دباؤ ڈالے، علیمہ خان

احمد نیازی نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو کال نہیں دی صرف اپیل کی ہے، اڈیالہ کے قریب میڈیا ٹاک

راولپنڈی:

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہم عمران خان کا علاج فیملی کی موجودگی میں کرانا چاہتے ہیں، عمران خان کی ایک سیاسی جماعت ہے اور سیاسی جماعت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس حوالے سے دباؤ ڈالے۔

اڈیالہ روڈ فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں ںے کہا کہ احمد نیازی نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو کال نہیں دی صرف اپیل کی ہے ہم نے صرف پارٹی کے عہدے داروں سے اپیل کی ہے، ہم پارٹی عہدے داروں کے علاوہ کس سے پوچھ گچھ کرسکتے ہیں ہم نے صرف اپیل کی ہے اگر سینئر  لیڈر شپ یہاں پر آجائے تو تنظیم متحرک ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو تین ہفتے پہلے یہاں سے 41 لوگ پکڑے گئے، ایم این ایز، ایم پی ایز کو چھوڑ دیتے ہیں مگر عمران خان کے چاہنے والوں کو یہ نہیں چھوڑتے، ہماری صرف بانی کے لیے اپیل ہے اور ہمارا کچھ نہیں ہے ہماری ایک ہی اپیل اور ڈیمانڈ ہے، اس وقت عمران خان کو علاج کی ضرورت ہے وہ شفاء انٹرنیشنل میں کرایا جائے۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کا علاج فیملی کی موجودگی میں کرانا چاہتے ہیں، عمران خان کی ایک سیاسی جماعت ہے اور سیاسی جماعت کی ذمہ داری ہے کہ وہ دباؤ ڈالے کہ وہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت کریں اور ان کو رہا کردیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی اور ان کی اہلیہ 7 ماہ سے قید تنہائی میں ہیں، جب عدالتیں کام نہ کریں حکومت آرام سے بیٹھ جائے تو سیاست میں کیا طریقہ کار ہوتا ہے پریشر ڈالنے کا؟ پھر یہی ہے آپ پریشر ڈالتے ہیں مزاحمت کرتے ہیں،آئین میں اجازت ہے کہ آپ اپنے حق کے لیے مزاحمت کرسکتے ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ عمران خان کا گرینڈ حیات میں اپارٹمنٹ تھا جو پہلے ہی بیچ دیا تھا، میرا بھی اپارٹمنٹ تھا اور میں نے قسط دی اس نے اپارٹمنٹ منسوخ کردیا اور میرے پیسے بھی کھاگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انشآءاللہ پارلیمینٹیرین سینیٹرز آئیں گے، ہم اپیل کرکے سب آکر حکومت پر دباؤ ڈالیں تاکہ بانی کا علاج ہوسکے تاکہ ان کی ضمانتوں کی سماعت ہوسکے اور ان کی رہائی ہوسکے۔

Load Next Story