ایس آئی یو کی کارروائیاں، مبینہ منشیات فروشی میں ملوث دو خواتین سمیت 6 ملزمان گرفتار

اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے گرفتار منشیات فروشوں کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں ، ترجمان پولیس

فوٹو: پولیس

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے منشیات فروشوں کے خلاف چھاپہ مار کارروائیوں میں دو خواتین سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلیا۔

ترجمان ایس آئی یو پولیس کے مطابق گلبہار تھانے کے علاقے خاموش کالونی چوک کے قریب ایس آئی یو پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران 2 خواتین کو ساتھی ملزم سمیت گرفتار کر کے 1400 گرام آئس برآمد کرلی۔

انہوں نے بتایا کہ جمشید کوارٹرز تھانے کے علاقے گرومندر کے قریب ہیروئن کے 2 ڈیلرز کو گرفتار کر کے ایک کلو 20 گرام ہیروئن برآمد کرلی، گرفتار ملزمان منشیات براستہ بلوچستان کراچی لا کر مختلف مقامات پر آئس اور ہیروئن کی بڑی مقدار میں سپلائی دیا کرتے تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ ایس آئی یو پولیس نے تیسری چھاپہ مار کارروائی کے دوران ڈیفنس فیز 6 خیابان بخاری میں آن لائن ڈرگ ڈیلر کو گرفتار کر کے  120 گرام آئس، 15 گرام ویڈ اور 4 گرام کوکین برآمد کرلی۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم خیابان بخاری کے فلیٹ میں قحبہ خانہ چلاتا تھا اور عمارت کے ٹاپ فلور پر پارٹیوں میں اور آن لائن منشیات فروخت کرتا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے گرفتار منشیات فروشوں کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں اور ان کے نیٹ ورک سے جڑے دیگر کارندوں کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

Load Next Story