کراچی میں پولیس مقابلہ، دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد
فوٹو: فائل
شہر قائد میں زمان ٹاؤن پولیس نے کورنگی نمبر 5 سیکٹر 50 سی میں ملائی ہوٹل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان واردات کی نیت سے موجود تھے کہ گشت پر مامور اہلکاروں کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دونوں ڈاکو زخمی ہوگئے اور موقع پر ہی قابو کر لیے گئے۔
گرفتار زخمی ملزمان میں سے ایک کی شناخت شہباز کے نام سے ہوئی ہے جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔