​ پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس اختتام پذیر، جنگی تیاریوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے پر زور

کانفرنس کی صدارت سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کی

پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوئی، کانفرنس کی صدارت سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کی جبکہ تمام پرنسپل اسٹاف افسران اور فیلڈ کمانڈرز نے اس میں شرکت کی۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق ​کانفرنس کے دوران، سربراہ پاک بحریہ نے میری ٹائم ڈومین میں روایتی اور غیر روایتی چیلنجز کے خلاف جنگی تیاریوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے پر زور دیا، مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں نیول چیف نے بحری شعبے میں ابھرتے ہوئے خطرات پر روشنی ڈالی جن میں سمندری نقل و حرکت کی آزادی کو لاحق خطرات، اہم بحری تجارتی گزرگاہوں (SLOCs) میں ممکنہ رکاوٹیں اور علاقائی بحری سلامتی کی غیر مستحکم صورتحال شامل ہیں۔

 ایڈمرل نوید اشرف نے زور دیا کہ پاک بحریہ کے لیے جدید ٹیکنالوجیز کا حصول اسٹریٹجک ضرورت ہے۔​نیول چیف نے خطے میں امن، استحکام اور علاقائی بحری سلامتی کے قیام میں پاک بحریہ کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک بحریہ خلیجِ عمان میں اپنی موجودگی کے ذریعے میری ٹائم کمیونٹی کو تحفظ کی یقین دہانی کروا رہی ہے​فورم نے معرکہِ حق اور مئی 2025 کے تنازع کے دوران دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

 نیول چیف نے اس تاریخی کامیابی کو قومی یکجہتی کا ایک لازوال ثبوت اور کسی بھی بیرونی جارحیت کا آہنی ہاتھوں سے جواب دینے کے پختہ عزم کا مظہر قرار دیا، کانفرنس میں آپریشنل تیاریوں، جاری اقدامات اور مستقبل کے پروگراموں کا جامع جائزہ بھی لیا گیا ۔

کانفرنس کے دوران بحری صلاحیتوں کو بدلتے ہوئے علاقائی سیکیورٹی ماحول کے مطابق ڈھالنے اور بحری جنگ کے تمام شعبوں میں آپریشنل تیاریوں کے لیے ایک واضح لائحہ عمل پر غور و فکر کیا گیا​۔

واضح رہے کہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے جس میں سربراہ پاک بحریہ، پرنسپل اسٹاف افسران اور فیلڈ کمانڈرز مل کر اسٹریٹجک ترجیحات اور پالیسیوں پر غور کرتے ہیں۔

Load Next Story