اسلام آباد ہائیکورٹ کے ٹرانسفر دو ججوں کے گھروں سے سرکاری عملہ واپس بلا لیا گیا

جسٹس ثمن رفعت امتیاز پہلے ہی اپنا سارا عملہ اور گاڑی واپس کرکے سندھ ہائی کورٹ میں جوائننگ دے چکی ہیں، ذرائع

فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ کے ٹرانسفر کیے گئے ججوں جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار کے  گھروں سے سرکاری عملہ واپس بلا لیاگیا۔

ایکسپریس نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار کے اسلام آباد میں گھروں سے تمام عملے کو پیر کے روز واپس بلایا گیا تھا جبکہ جسٹس ثمن رفعت امتیاز پہلے ہی اپنا سارا عملہ گاڑی واپس کرکے سندھ ہائی کورٹ میں جوائننگ دے چکی ہیں۔

ذرائع نے بتایا  کہ اسلام آباد میں موجود جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار کے سرکاری گھروں میں عملہ اور گاڑی اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے دی گئی تھی، مالی، خانسامے، کک، ڈرائیور کو ججوں کے گھروں سے پیر کو واپس بلائے لیے گئے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ دونوں ججوں نے پشاور اور لاہور ہائی کورٹ میں پیر کو ہی جوائننگ دی تھی، اسی طرح فیملی بچوں کے لیے موجود ایک ایک گاڑی بھی اسلام آباد ہائی کورٹ نے واپس لے لی۔

ذرائع کے مطابق دونوں ججوں کے گھروں کے باہر موجود سیکیورٹی گارڈز ابھی موجود ہیں، وہ واپس نہیں لیے گئے جبکہ جسٹس ثمن رفعت امتیاز پہلے ہی اپنا سارا عملہ اور گاڑی واپس کرکے سندھ ہائی کورٹ میں جوائننگ دے چکی ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بتایا کہ قانون اور ضابطے کے مطابق ججوں کے گھروں سے عملہ واپس بلایا گیا ہے، جج ٹرانسفر ہو کر دوسری ہائی کورٹ چلے گئے ہیں اور اب وہاں سے ان کو یہ سب مل جائے گا۔

Load Next Story