زمبابوین ٹیم نے ایک بار پھر لڑے بغیر ہتھیار ڈال دیے

جنوبی افریقہ نے61 رنز سے میدان مارکر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کر لی

بولاوایو: دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقی بیٹسمین فاف ڈوپلیسی شاٹ کھیل رہے ہیں، عقب میں موجود زمبابوین وکٹ کیپر رچموند موتمبامی گیند کے منتظر، مہمان ٹیم نے مقابلہ جیت لیا۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD:
دوسرے ون ڈے میں زمبابوے نے ایک بار پھر لڑے بغیر ہتھیار ڈال دیے، 258 کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے ٹیم 196 پر ہمت ہار گئی، جنوبی افریقہ نے 61 رنز سے میدان مارکر تین میچز کی سیریز میں 2-0 سے ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق زمبابوے نے جنوبی افریقہ کو اب تک کھیلے گئے 34 باہمی ایک روزہ مقابلوں میں تیسری مرتبہ آؤٹ کیا مگر اس کے باوجود شکست کا سامنا کرنا پڑا، 258 رنز کے جواب میں صرف 88 رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد میزبان ٹیم سنبھل ہی نہیں پائی، رچموند موتمبامی کو 12 رنز پر فانگیسو نے ایل بی ڈبلیو کیا، ہیملٹن مساکیڈزا، وین پارنیل کی گیند پر بولڈ ہوئے، انھوں نے صرف 7 رنز بنائے، سکندر رضا کو ریان میکلرین نے کھاتہ تک نہیں کھولنے دیا۔


برینڈن ٹیلر ( 14) کو پال ڈومنی نے ملر کی مدد سے میدان بدر کیا، کپتان ایلٹن چگمبرا (7) پارنیل کی گیند پر ڈومنی کے ہاتھوں کیچ ہوئے جبکہ لیوک جونگوے (6) کو میکلرین کی بال پر آملا نے کیچ کیا، اس موقع پر سین ولیمز نے 55 رنز بناکر اپنی ٹیم کو سنبھالا دینے کی ناکام کوشش کی، وہ میکلرین کی گیند پر پارنیل کا کیچ بنے، پراسپر اتسیا (15) کو پارنیل نے ایل بی ڈبلیو کیا، نیویلی میڈزیوا 25 رنز پر عمران طاہر کی بال پر بولڈ ہوگئے، آخری اوور کی پہلی گیند پر جان نیومبو ( 18) عمران طاہر کی دوسری وکٹ بنے، کیچ ڈی کاک نے تھاما۔

اس طرح زمبابوین ٹیم 196 رنز پر آؤٹ ہوگئی، پارنیل اور میکلرین نے تین، تین جبکہ عمران طاہر نے2 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم آخری اوور میں 257 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، فاف ڈو پلیسی نے سب سے زیادہ 55 رنز بنائے، ڈیوڈ ملر 45 اور پال ڈومنی 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، زمبابوے کی جانب سے 8 کھلاڑیوں نے بولنگ کی جبکہ برائن ویٹوری، اتسیا، نیومبو اور سین ولیمز نے 2،2 وکٹیں لیں۔
Load Next Story