شکست پر بوکھلا کر بھارت نے کوچ کے پر کتر دیے

ڈنکن فلیچر سائیڈ لائن، ون ڈے سیریز کیلیے شاستری کو ذمہ داری مل گئی، بولنگ اور فیلڈنگ کوچز کو چھٹی پر بھیج دیا گیا

ڈنکن فلیچر سائیڈ لائن، ون ڈے سیریز کیلیے شاستری کو ذمہ داری مل گئی، بولنگ اور فیلڈنگ کوچز کو چھٹی پر بھیج دیا گیا۔ فوٹو: فائل

RAWALPINDI:
انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریزمیں شکست پربوکھلا کر بھارت نے کوچ کے پر کتر دیے، ڈنکن فلیچر کو سائیڈ لائن کردیا گیا۔

انگلش ٹیم سے ون ڈے میچز میں ٹیم کی رہنمائی کا کام سابق کپتان روی شاستری کو سونپ دیا گیا، بولنگ کوچ جوئے ڈیویس اور فیلڈنگ کوچ ٹریور پینی کو چھٹی پر بھیج دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کو انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز میں 1-3 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا، اس رسوائی کا تمام تر غصہ بورڈ نے کوچنگ اسٹاف پر ہی نکال ڈالا، ڈنکن فلیچر کو سائیڈ لائن کردیا گیا جبکہ کمنٹری کے سلسلے میں انگلینڈ میں ہی موجود سابق کپتان روی شاستری سے کہا گیا ہے کہ وہ میزبان سائیڈ سے پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں معاملات کو دیکھیں۔


بورڈ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہم نے ون ڈے سیریز کیلیے ٹیم کی نگرانی اور رہنمائی کیلیے روی شاستری کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فلیچر بدستور بطورہیڈ کوچ کام جاری رکھیں گے تاہم کرکٹ معاملات کے مجموعی انچارج روی شاستری ہوں گے۔ بورڈ نے بولنگ کوچ ڈیویس اور فیلڈنگ کوچ پینی کو چھٹی پر بھیج دیا جبکہ ان کی جگہ بطور اسسٹنٹ کوچ سابق ٹیسٹ کرکٹرز سنجے بنگر اور بھرت ارون کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد ہم ٹیم کی توانائیاں بحال کرنا چاہتے ہیں، اسی مقصد کے تحت بولنگ اور فیلڈنگ کوچ کو چھٹی دی گئی۔

یاد رہے کہ بھارت کو اوول میں منعقدہ پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں اننگز اور 244 رنز سے شکست ہوئی تھی، جس کے بعد خاص طور پر فلیچر کے خلاف تنقید کا طوفان امڈ آیا تھا۔ دریں اثنا سابق بھارتی آل رائونڈر مدن لال بورڈ کے اس فیصلے سے خوش نہیں، انھوں نے کہاکہ کوچ کو سائیڈ لائن کرنے سے بہتر تھا کہ ان سے ٹیم میں خرابی کی وجوہات معلوم کرکے انھیں دور کیا جاتا، روی شاستری کے آنے سے بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
Load Next Story