شیخ ادریس کا قتل؛ افغان طالبان وزرا کا فضل الرحمان سے رابطہ

شیخ ادریس کی شہادت پر پاکستانی عوام کی طرح افغانستان کےعوام بھی غم میں برابر کے شریک ہیں، افغان وزرا

فوٹو: فائل

امارت اسلامی افغانستان کے اعلیٰ سطح کے رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا، ان رہنماؤں میں وزیر دفاع ملا یعقوب، وزیر داخلہ مولانا سراج الدین حقانی، وزیر خارجہ ملا امیر خان متقی، ترجمان ذبیح اللہ مجاہد شامل تھے۔

جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق امارت اسلامی کی قیادت نے مولانا فضل الرحمان سے شیخ ادریس کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ شیخ ادریس شہید کی بلندی درجات کے لیے دعاگو ہیں اور ان کی شہادت کی شدید الفاط میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امارت اسلامی افغانستان شیخ ادریس کی شہادت کے غم میں برابر کی شریک ہے اور پاکستانی عوام کی طرح افغانستان کے عوام بھی شیخ ادریس کی شہادت کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

افغان وزرا نے کہا کہ جمعیت علما اسلام اور علما اور طلبا کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ چارسدہ کے معروف عالم دین اور سابق رکن صوبائی اسمبلی شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ترنگزئی کو 5 مئی کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا اور تفتیشی حکام نے بتایا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی اور ایک حملہ آور کا تعلق افغانستان سے ہے۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا تھا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور مقامی پولیس کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے فوٹیج سے اہم مواد کا جائزہ لیا اور واردات میں ملوث 4 میں سے ایک دہشت گرد کی نشان دہی ہوگئی ہے۔

تفتیشی حکام نے بتایا تھا کہ دہشت گرد کی نشان دہی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ہوئی، دہشت گرد کا تعلق افغانستان سے ہے اور جس دہشت گرد کی نشان دہی ہوئی ہے اس کے ذریعے مکمل نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔

تفتیشی حکام نے مزید کہا کہ ابتدائی تفتیش میں لگ رہا ہے یہ منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی ہے۔

متعلقہ

Load Next Story