پی ایچ ایف کا جونیئر و سینئر ہاکی کیمپوں میں انسدادِ ڈوپنگ قوانین کو سختی سے نافذ کرنیکا حکم

ڈوپنگ ٹیسٹ سے بچنے یا اس میں ملوث پائے جانے والے کھلاڑیوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی

اسلام آباد:

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی صحت اور کھیل کی شفافیت برقرار رکھنے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے قومی جونیئر و سینئر ہاکی کیمپوں میں انسدادِ ڈوپنگ قوانین کو سختی سے نافذ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

صدر پی ایچ ایف محی الدین احمد وانی کی خصوصی ہدایت پر لاہور اور اسلام آباد میں جاری سینیئر اور جونیئر قومی ہاکی کیمپوں کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں۔

ڈوپنگ ٹیسٹ سے بچنے یا اس میں ملوث پائے جانے والے کھلاڑیوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ایسے کھلاڑیوں کو فوری طور پر کیمپ سے معطل کر کے سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تمام کھلاڑی واڈا کوڈ کی مکمل پاسداری کے حوالے سے تحریری حلف نامہ جمع کروائیں گے۔

تربیتی کیمپوں کے دوران کسی بھی وقت بغیر بتائے کھلاڑیوں کے رینڈم ڈوپ ٹیسٹ لیے جائیں گے۔ واڈا حکام کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کی اس حوالے سے مکمل نگرانی کریں گے جبکہ ممنوعہ ادویات کے حوالے سے کھلاڑیوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے ہفتہ وار بنیادوں پر تعلیمی سیشنز منعقد ہوں گے۔

صدر پی ایچ ایف محی الدین احمد وانی کا کہنا ہے کہ ڈوپنگ جیسے معاملات بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی جگ ہنسائی کا باعث بنتے ہیں۔ پاکستان ہاکی کی عظیم روایات کو برقرار رکھنے کے لیے ڈوپ ٹیسٹنگ کے عمل کو ہر صورت شفاف اور لازمی بنایا جائے گا۔ یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل کر دیے گئے ہیں۔

Load Next Story