کراچی؛ کاروباری تنازع پر تاجر کے والد مبینہ طور پر اغوا، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی

سعود آباد پولیس نے واقعے کا مقدمہ اغوا کی دفعات کے تحت درج کرلیا اور مقدمے میں دو شہریوں کو نامزد کیا گیا ہے

فوٹو: اسکرین گریب

کراچی میں ملیر سعود آباد کے علاقے میں کاروباری تنازع پر تاجر کے والد کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا اور واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے اور  پولیس نے مقدمہ بھی درج کر لیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ سعود آباد تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں مسلح افراد دو گاڑیوں میں آئے اور تاجر کے والد کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے اور ملزمان جاتے ہوئے ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے جس کی فوٹیج سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہوگئی۔

پولیس نے بتایا کہ متاثرہ تاجر نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کے والد کی جان کو خطرہ ہے اور انہیں جلد از جلد بازیاب کرایا جائے، مقدمے کے متن کے مطابق اغوا کا واقعہ کاروباری لین دین کے تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

سعود آباد پولیس نے واقعے کا مقدمہ اغوا کی دفعات کے تحت درج کرلیا ہے اور مقدمے میں دو شہریوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ خاندان نے دعویٰ کیا ہے کہ اغوا کی واردات کاروباری تنازع کے باعث پیش آئی، تاہم واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں اور مغوی کی بازیابی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

Load Next Story