عالمی ٹرانزٹ ٹریفک بڑھانے کے لیے گوادر پورٹ پر ٹیرف میں نمایاں کمی کا فیصلہ
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے عالمی ٹرانزٹ ٹریفک بڑھانے کے لیے گوادر پورٹ پر ٹیرف میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا۔
جنید انوار چوہدری کے مطابق کنٹینر بردار جہازوں کی برتھنگ فیس میں 25 فیصد کمی اور انٹرنیشنل ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز پر پورٹ چارجز میں 40 فیصد کمی کر دی گئی، ٹرانزٹ کنٹینر کارگو پر پورٹ چارجز 31 فیصد تک کم کیے گئے۔
وفاقی وزیر نے جنرل کارگو کے لیے ایک ماہ مفت اسٹوریج سہولت متعارف کروانے کا بھی اعلان کیا۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ نئے ٹیرف سے شپنگ لائنز کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے، گوادر بندرگاہ پر کارگو ہینڈلنگ میں اضافے سے معاشی سرگرمیاں تیز ہونے کا امکان ہے، روزگار کے نئے مواقع اور لاجسٹکس سیکٹر میں توسیع کی توقع ہے۔
چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں روزگار کے مواقع میں اضافہ متوقع ہے، نئے ٹیرف اسٹرکچر سے تجارت کو فروغ ملے گا۔