کراچی: جعلی کرنسی کے دھندے میں ملوث 3 ملزمان گرفتار
الفلاح پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کرکے 2 لاکھ روپے مالیت کے جعلی کرنسی نوٹ برآمد کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق الفلاح انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 لاکھ روپے کی جعلی کرنسی برآمد کرکے 3 ملزمان ساجد علی ولد الطاف حسین شاہانی، صدام حسین ولد محمد لقمان جتوئی اور کمیل حمزہ ولد محمد ارشد خان کو گرفتار کرلیا۔
انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کچھ افراد جعلی کرنسی کے ذریعے شہریوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ ملزمان ایک لاکھ روپے کی جعلی کرنسی دے کر اس کے عوض 30 ہزار روپے وصول کرتے تھے۔
گرفتار ملزمان بازار میں 5000 روپے کا جعلی نوٹ 1000 روپے میں فروخت کررہے تھے اور کافی عرصے سے خرید و فروخت کے اس غیر قانونی دھندے میں ملوث تھے۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے برآمد کیے جانے والے جعلی نوٹ 5000 روپے کے ہیں جو دیکھنے میں بالکل اصلی معلوم ہوتے ہیں، پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتارملزمان میں سے ساجد علی اور صدام حسین پہلے بھی مجرمانہ ریکارڈ رکھتے ہیں۔