بنوں میں اِسی پولیس چوکی پر 18 حملے ہوئے ناکامی پر یہ خودکش حملہ کیا گیا، رپورٹ

دہشت گرد چوکی میں موجود سامان لے کر جانا چاہتے تھے، پولیس مقابلے کے باعث دہشت گرد چوکی کے اندر داخل نہیں ہوسکے

پشاور:

بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر دہشت گردوں کے حملے کی رپورٹ ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے سی پی او کو ارسال کردی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 5 ماہ کے دوران اسی چوکی پر 18 حملے ہوئے، ناکامی پر اس بار دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے 9 مئی کی رات ساڑھے 8 بجے چوکی کے گیٹ کے قریب گاڑی دھماکے سے اڑائی، گاڑی میں 1200 سے 1500 کلوگرام تک بارودی مواد نصب تھا، دھماکے میں 15 پولیس اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے،دھماکے میں بڑی مقدار میں بارود کے استعمال سے عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد بھی دہشت گردوں نے چوکی کے اندر جانے کی کوشش کی، دہشت گرد چوکی میں موجود سامان لے کر جانا چاہتے تھے، پولیس مقابلے کے باعث دہشت گرد چوکی کے اندر داخل نہیں ہوسکے، سرچ آپریشن میں پتا چلا کہ فائرنگ میں متعدد دہشت گرد زخمی یا ہلاک ہوچکے ہیں۔

پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس چوکی پر گزشتہ 5 ماہ کے دوران دہشت گردوں نے 18 بار حملے کیے، اس سے قبل تمام حملے ناکام ہوئے تھے، جوابی فائرنگ سے دہشت گرد فرار ہوجاتے، اس بار دہشت گرد بھاری بارودی مواد ساتھ لے کر آئے تھے، حملے میں ملوث دہشت گرد گروپ کی نشاندہی ہوگئی ہے،  حملے میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد بھی ملوث ہیں۔

Load Next Story