کراچی: بلدیہ ٹاؤن سے اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں جن کیخلاف کراچی کے کئی تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں

فوٹو: فائل

رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ''لالو گینگ'' کے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان میں لعل محمد عرف لالو (گروہ کا سرغنہ) ولد نور محمد، محمد شفیق ولد نذر خان، اجمل کاکڑ ولد محمد نبی اور ثناءاللہ ولد محبت خان شامل ہیں جن کے قبضے سے 1 عدد 9MM پستول (بغیر لائسنس)، 2 عدد میگزین بمع ایمونیشن اور 2 عدد موبائل فونز برآمد کرلیے گئے۔

گرفتار ملزمان کراچی کے علاقوں اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، گلشن غازی اور سعید آباد میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، موٹرسائیکل اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

گرفتار ملزمان اسلحہ کے زور پر ڈکیتی کی وارداتوں میں شہریوں کو اب تک 2 سے 3 موٹرسائیکل، 40 سےرز 50 موبائل فونز اور تقریباً 10 لاکھ روپے سے محروم کر چکے ہیں۔

حال ہی میں ملزمان نے بلدیہ ٹاؤن میں ہوٹل پر ڈکیتی کی واردات کی تھی جسے سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے۔

گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں اور کراچی کے کئی تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز بھی درج ہیں اور پہلے بھی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔ 

گرفتار ملزمان کو بمع اسلحہ و ایمونیشن اور برآمد شدہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

Load Next Story