پاکستان کی ایک اور کامیابی، کرپٹو کرنسی میں اسرائیل کے ہم پلہ قرار

پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود ٹیکنالوجی میں آگے ہے، دنیا تسلیم کر رہی ہے پاکستان کرپٹو میں بہت آگے ہے، بلال بن ثاقب

(فوٹو : فائل)

پاکستان کی ڈیجیٹل اکانومی کے میدان میں ایک کے بعد ایک کامیابی کا سلسلہ جاری ہے اور عالمی ادارے نے تصدیق کرتے ہوئے پاکستان کو کرپٹو کرنسی کی دنیا میں اسرائیل کے ہم پلہ قرار دیا ہے۔

پاکستان ورچوئل ریگولیٹری اتھارٹی(پی وی آر اے) کے مطابق کرپٹو ڈیجیٹل اثاثہ جات سے متعلق عالمی پلیٹ فارم ’کرپٹو سلیٹ‘ کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرپٹو کی دنیا میں پاکستان اسرائیل کے ہم پلہ ہے اور پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں کی ریگولیشنز پوری کرنے میں اسرائیل کے برابر آگیا ہے۔

کرپٹو سلیٹ کے تجزیے میں کہا گیا کہ پاکستان کا کرپٹو ریگولیٹری ادارہ پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی (پیوارا) عالمی توجہ حاصل کر رہا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ اسرائیل نے اپنی کرنسی شیکل پر مبنی اسٹیبل کوائن کی منظوری دی اور پاکستان نے ریگولیٹڈ کرپٹو کمپنیوں کو بینک اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت دی ہے۔

چیئرمین پیوارا بلال بن ثاقب نے بتایا کہ پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود ٹیکنالوجی میں آگے ہے اور اسرائیل کے ساتھ ڈیجیٹل شعبے میں مد مقابل ہونا بڑی پیش رفت ہے اور دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ پاکستان کرپٹو میں کئی ممالک سے بہت آگے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے آئی ایجنٹس کرپٹو کرنسی میں لاکھوں ڈالرز کی ادائیگیاں کر رہے ہیں، آنے والے وقت میں ہمیں اپنے بچوں اور نوجوان نسل کو آرٹیفیشل انٹیلی جینس کی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہوگا۔

چیئرمین پیوارا نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت ڈیجیٹل انقلاب کے لیے کام کر رہے ہیں۔

Load Next Story