ملیر جیل سے فرار ہونے والا خطرناک قیدی دوبارہ گرفتار
—فائل فوٹو
کراچی پولیس نے ملیر جیل سے فرار ہونے والے خطرناک قیدی کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ملیر جیل میں 27 اپریل کو تقریب کے دوران ملزم طاہر نوید عرف پولکا فرار ہوگیا تھا۔
تاجر کے اغوا اور قتل میں قید کاٹنے والا ملزم فرار ہونے کے بعد روپوش تھا تاہم پولیس کچھ دیر قبل ملزم کو تلاش کر کے دوبارہ حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اُدھر وزیر جیل خانہ جات علی حسن زرداری جیل نے ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے فرار انتہائی اہم ملزم سید طاہر نوید عرف پولکا کی دوبارہ گرفتاری کے حوالے سے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ قانون سے فرار ممکن نہیں، جرائم پیشہ عناصر کو انجام تک پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے عوام کے تحفظ کے لیے مکمل متحرک ہیں اور مشترکہ کارروائیوں میں جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا بھی تنگ کیا جا رہا ہے ، ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے فرار ملزم کی گرفتاری وفاقی حساس ادارے اور جیل پولیس کی مشترکہ کوششوں سے عمل میں لائی گئی۔