ایران کیساتھ جاری مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے؛ امریکی نائب صدر
ایران میں جنگ ابھی مزید کچھ عرصے تک جاری رہے گی؛ امریکا
امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے بتایا کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ حتمی طور پر اسی صورت ممکن ہوگا جب جوہری پروگرام سے متعلق امریکی صدر کے بنیادی تحفظات دور کیے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار جے ڈی وینس نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہم اتنی پیش رفت کر پائیں گے کہ صدر کی سرخ لکیر پوری ہو سکے؟
نائب صدر نے واضح کیا کہ صدر ٹرمپ کی “ریڈ لائن” یہ ہے کہ امریکا کو مکمل یقین ہونا چاہیے کہ ایسے مؤثر حفاظتی اقدامات موجود ہیں جن کے تحت ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔
ادھر امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بالواسطہ سفارتی رابطے اب بھی جاری ہیں جن میں خلیجی ممالک اور پاکستان سمیت بعض علاقائی شراکت دار بھی ثالثی کردار ادا کر رہے ہیں۔
دوسری جانب رائٹرز کے مطابق امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ ایران کو یورینیم افزودگی، میزائل پروگرام اور خطے میں مسلح گروہوں کی حمایت سے متعلق سخت شرائط قبول کرنا ہوں گی جبکہ ایران مسلسل اس بات پر زور دے رہا ہے کہ وہ اپنے دفاعی اور جوہری حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
اس حوالے سے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے اندر بھی ایران پالیسی پر مختلف آراء پائی جاتی ہیں۔ کچھ حلقے سفارتی حل کے حامی ہیں جبکہ سخت گیر ریپبلکن رہنما ایران پر مزید دباؤ اور سخت شرائط کے حق میں ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے پیش کی گئیں جنگ بندی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول اور احمقانہ کہہ چکے ہیں۔