ایران کی فیفا ورلڈکپ 2026 کیلیے کٹ رونمائی کی پروقار تقریب

نئی جرسی سفید رنگ پر مشتمل ہے اور اس میں 2022 کے ورلڈکپ کٹ کی جھلک نمایاں دکھائی دیتی ہے

ایران کی قومی فٹبال ٹیم نے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے لیے اپنی نئی ہوم کٹ متعارف کرا دی ہے، جسے مقامی اسپورٹس برانڈ نے تیار کیا ہے۔

نئی جرسی سفید رنگ پر مشتمل ہے اور اس میں 2022 کے ورلڈکپ کٹ کی جھلک نمایاں دکھائی دیتی ہے۔

جرسی پر ایشیائی چیتے کا واٹرمارک دوبارہ شامل کیا گیا ہے جبکہ بازوؤں پر جانوروں کی کھال سے متاثر ٹونل پیٹرن بنایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ آستینوں کے کناروں پر ایرانی پرچم کے رنگ اور سرخ لوگوز و نمبرز نمایاں ہیں۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق قومی ٹیم پیر کے روز ترکیہ روانہ ہوگی جہاں انطالیہ میں پری ورلڈ کپ تربیتی کیمپ لگایا جائے گا جبکہ ایرانی ٹیم دو دوستانہ میچز بھی کھیلے گی۔

 گزشتہ روز تہران کے انقلاب اسکوائر میں ٹیم کے لیے ایک خصوصی الوداعی تقریب منعقد کی گئی جس میں کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف، فٹبال فیڈریشن حکام اور اسپورٹس شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں قومی ٹیم کا خصوصی ترانہ اور آفیشل ورلڈ کپ جرسی پیش کی گئی۔

ایران کو ورلڈ کپ کے گروپ جی میں بیلجیم، مصر اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ٹیم اپنا پہلا میچ 16 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

Load Next Story