ڈرگ ڈیلر پنکی سے متعلق پولیس رپورٹ عدالت میں جمع، ملزمہ کے نیٹ ورک سے متعلق اہم انکشافات

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی میں مقدمات کے معاملے پر پولیس کی ایک اور رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی میں انمول عرف پنکی کے مقدمات کے معاملے پر پولیس کی ایک اور رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی۔

پولیس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزمہ گینگ کے ذریعے اسکولوں کے کم عمر بچوں کو ہدف بناتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گینگ پوش علاقوں اور نجی تعلیمی اداروں کو سپلائی کرتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسکولوں اور کالجوں میں زیادہ خریدنے والوں کو رعایتی پیکج دیا جاتا تھا۔ پولیس کے مطابق تعلیمی اداروں میں ملزمہ کے نیٹ ورک کو روکنے کے لیے تفتیش ضروری ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پنکی کی نشاندہی پر تعلیمی اداروں میں اس کے سہولت کاروں کی شناخت کرنی ہے۔ عدالت نے پولیس رپورٹ کو کورٹ فائل کا حصہ بنا لیا۔

بین الصوبائی منشیات فروش انمول عرف پنکی کے مقدمات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

پولیس نے برآمدگی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے، رپورٹ کے مطابق ملزمہ سے 1540 گرام کوکین، 5240 گرام بیکنگ پاؤڈر برآمد ہوا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ملزمہ سے ایفی ڈرین ہائیڈرو کلورائیڈ 930 گرام اور کیٹامین ہائیڈرو کلورائیڈ 500 گرام بھی برآمد کیا گیا۔ اسی طرح کوکین مکس ہائیڈرو کلورائیڈ 330 گرام بھی برآمد ہوا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق ایک بیگ سے 1050 گرام ایکٹون بھی برآمد ہوا، جبکہ ملزمہ سے کوکین بنانے میں استعمال ہونے والا 6970 گرام خام مال بھی برآمد کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برآمد ہونے والی منشیات کی کوالٹی کا کیمیکل ایگزامن کیا جائے گا، جس کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔ برآمد شدہ منشیات کو کیس پراپرٹی کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔

Load Next Story