ایران نے آبنائے ہرمز سے چینی جہازوں کے گروپ کو بغیر کسی رکاوٹ کے گزرنے دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اعلیٰ وفد کے ہمراہ چین کے دورے پر ہیں

ایران نے چینی جہازوں کے گروپ کو آبنائے ہرمز سے گزرنے دیا

ایران نے چینی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی جبکہ دیگر بین الاقوامی بحری آمدورفت پر بدستور سخت پابندیاں برقرار رکھی ہوئی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی بحریہ نے چین کے تجارتی اور توانائی بردار جہازوں کے ایک گروپ کو آبنائے ہرمز عبور کرنے کی اجازت دی۔

یہ اہم پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے سرکاری دورے پر بیجنگ میں وفد کے ہمراہ موجود ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو میں ایران سے آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولنے اور جہاز رانی کو محفوظ بنانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

چین کو خصوصی اجازت دینا اس بات کا اشارہ ہے کہ تہران موجودہ بحران میں بیجنگ کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کو ترجیح دے رہا ہے۔

چین ایران کے تیل کا بڑا خریدار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان حالیہ برسوں میں دفاعی، اقتصادی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

خیال رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں سے ایک ہے جہاں سے عالمی تیل کا 20 فیصد دنیا بھر میں ترسیل کیا جاتا ہے۔

ایران نے 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے جنگ مسلط کرنے پر آبنائے ہرمز کو بند کردیا تھا اور تاحال یہ پابندی برقرار ہے جس سے پیٹرول کی ترسیل میں کمی ہوئی اور قیمتوں میں ہوشربا اضافہ جاری ہے۔

 

Load Next Story