کراچی میں ہیوی ٹریفک سے خونیں حادثات جاری، ٹریلر نے 2 لڑکے کچل دیے
ڈیفنس کے علاقے فیز ٹو ڈیفنس لائبریری کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 لڑکے جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونیوالے لڑکوں کی شناخت 20 سالہ حمزہ ولد شکیل اور 22 سالہ سمیر ولد اقبال کے ناموں سے کی گئی ،دونوں لڑکے ڈیفنس پی اینڈٹی کالونی کے رہائشی اوردوست تھے، جبکہ وہ قربانی کے جانور دیکھنے مویشی منڈی جا رہے تھے ،حادثہ ٹریلرکی ٹکر سے پیش آیا، تاہم ڈرائیور ٹریلر سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جاں بحق ہونیوالوں کی لاشیں پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیں۔
اسٹیل ٹاؤن کے علاقے نیشنل ہائی وے سے متصل لنک روڈبلوچ ہوٹل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 60 سالہ راہگیر جاں بحق ہوگیا ،جاں بحق ہونیوالے راہگیرکی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونیوالے راہگیرکے پاس سے ایسی کوئی چیزنہیں ملی،جس سے اس کی شناخت کی جاسکے ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش شناخت ورثاکیلیے چھیپاسردخانے منتقل کر دی۔
دریں اثنا کورنگی چمڑا چورنگی کے قریب جمعے کی شب واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکلوں کو روند دیا جس کے نتیجے میں 2 افراد شدید زخمی ہوگئے ،زخمیوں کی شناخت 35 سالہ نذیر اور 35 سالہ کاشف کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا ناصر محمود نے بتایا کہ زخمی ہونے والے دونوں افراد الگ الگ موٹر سائیکلوں پر سوار تھے ، حادثے کے باعث واٹر ٹینکر سڑک سے ملحقہ نالے میں جا گھسا جبکہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ۔