کراچی: شاہ فیصل کالونی کو کورنگی سے ملانے والے پل پر ڈکیتی کی ایک اور واردات کی ویڈیو وائرل
کراچی میں شاہ فیصل کالونی کو کورنگی سے ملانے والے پل پر ایک بار پھر ڈکیتی کی واردات پیش آنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی،جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
وائرل ویڈیو میں شہریوں کو دیگر لوگوں کو پل پر جانے سے روکتے اور محتاط رہنے کی ہدایات دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں بعض افراد مسافروں کو متبادل راستہ اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیتے نظر آئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزمان شرافی گوٹھ ندی کی سمت فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور ملزمان کی جانب فائرنگ بھی کی گئی تاہم ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مددگار 15 پر ایک شہری نے واردات کی اطلاع دی تھی، تاہم تاحال کوئی متاثرہ شخص تھانے میں رپورٹ درج کرانے نہیں پہنچا۔