سونا آج مزید سستا ہوگیا؛ قیمت میں مسلسل دوسرے دن کمی ریکارڈ

گزشتہ روز بھی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کے نرخوں میں اچانک بڑی کمی ریکارڈ ہوئی تھی

کراچی:

سونے اور چاندی کی قیمتوں میں آج پھر عالمی و مقامی مارکیٹوں میں کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔

امریکا ایران جنگ کے تناؤ سے خام تیل عالمی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھنے کے خدشات اور شرح سود بلند سطح پر برقرار رہنے کے خطرات نے سونے اور چاندی کی قیمتوں کو اپنے لپیٹ لے لیا ہے۔

مشرق وسطی کشیدگی برقرار رہنے اور عالمی سطح پر مہنگائی بڑھنے کے خدشات کے باعث عالمی ومقامی سطح پر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مندی کا رحجان غالب ہوگیا ہے۔

آج ہفتے کے روز بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت مزید 6 ڈالر کی کمی سے 4ہزار 539 ڈالر کی سطح پر آ گئی اور اسی طرح مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت 600روپے کی کمی سے 4لاکھ 76ہزار 262 روپے کی سطح پر آگئی۔

دریں اثنا مقامی سطح پر فی 10 گرام سونے کی قیمت 515روپے کی کمی سے 4لاکھ 8 ہزار 317روپے کی سطح پر آگئی۔

اسی طرح عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 1ڈالر 59سینٹس کی کمی سے 75ڈالر 89سینٹس کی سطح پر آنے سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 159روپے کی کمی سے 8ہزار 73 روپے اور فی 10  گرام چاندی کی قیمت بھی 136روپے کی کمی سے 6ہزار 921روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کے نرخوں میں اچانک بڑی کمی ریکارڈ ہوئی تھی۔

Load Next Story