کراچی: گھر میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق
شہر قائد میں ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی میں گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ مچھر کالونی مہربانی چوک کے قریب مریم مسجد کے نزدیک پیش آیا جہاں مسلح ڈاکو گھر میں داخل ہوئے۔
اس دوران مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمی شخص کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 34 سالہ اسد اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ گھر میں ڈکیتی کے دوران پیش آیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی تلاش کیلئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔