کراچی، مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات کے دوران 5 افراد زخمی

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات کے دوران 5 افراد زخمی ہوگئے۔

بلدیہ یوسف گوٹھ 100 فٹ روڈ پر فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔

چھیپا حکام کے مطابق زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی تنازع کے دوران پیش آیا جسکے نتیجے میں 2 بھائی 30 سالہ ظفر ولد سلام اور 25 سالہ عمر ولد سلام زخمی ہوگئے۔

دونوں زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

ادھر کورنگی عوامی کالونی انڈسٹریل ایریا میں مشتاق ہوٹل کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 35 سالہ جان محمد ولد علی اکبر زخمی ہوگیا۔

زخمی کو طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب بوٹ بیسن تھانے کی حدود شاہ رسول کالونی گلی نمبر 2 میں ذاتی دشمنی کے نتیجے میں فائرنگ سے 30 سالہ کامران ولد نثار احمد زخمی ہوگیا، جسے چھیپا ایمبولینس کے زریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزم کی تلاش کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں لیاقت آباد سی ایریا میں دکنی مسجد کے قریب 24 سالہ سبحان ولد شمس الدین مبینہ طور پر اپنی ہی اسلحے کی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق حادثاتی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا نوجوان زیر تربیت پولیس اہلکار ہے نوجوان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

Load Next Story