کراچی، اسٹیل مل سے قیمتی دھاتیں چوری کرنے والا گروہ پکڑا گیا، نشاندہی پر سنار بھی گرفتار

گرفتار ملزمان میں شامل زر ولی اور لقمان شیر اس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکے ہیں

کراچی:

شہر قائد کے علاقے بن قاسم میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان اسٹیل مل سے چوری شدہ قیمتی دھاتیں نکال کر فروخت کرنے والے گروہ کا سراغ لگا لیا کارروائی کے دوران ایک سنار سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ضلع ملیر پولیس کے مطابق ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق کی ہدایت پر بن قاسم پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی جس میں گرفتار ملزمان کی شناخت زر ولی، لقمان شیر اور سودیس کے نام سے ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سودیس پیشے کے اعتبار سے سنار ہے جو چوری شدہ سامان خرید کر اس میں سے چاندی الگ کرتا اور بعد ازاں شہریوں کو فروخت کرتا تھا جبکہ دیگر ملزمان اسٹیل مل سے سامان چوری کرنے میں ملوث تھے۔

پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2800 گرام چاندی، کاپر وائر، تانبے کے مختلف پیسز، الیکٹرک سرکٹس، وائٹ کاپر، براس، ویلڈنگ ہولڈر اور چوری میں استعمال ہونے والے اوزار برآمد کرلیے۔

تفتیشی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں شامل زر ولی اور لقمان شیر اس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکے ہیں اور ان کا کریمنل ریکارڈ بھی موجود ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے جبکہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

Load Next Story