برازیل کے فیفا ورلڈکپ اسکواڈ میں نیمار کی شمولیت پر شائقین کا جشن

نیمار برازیل کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں

برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار کو فیفا ورلڈکپ 2026 کے لیے 26 رکنی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

نئے ہیڈ کوچ کارلو اینسیلوٹی نے ریو ڈی جنیرو میں ایک تقریب کے دوران ٹیم کا اعلان کیا، جہاں نیمار کا نام سامنے آتے ہی شائقین نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا اور جشن منایا۔

ایک وائرل ویڈیو میں سابق برازیلی فٹبال اسٹار مارسیلو بھی نیمار کی اسکواڈ میں شمولیت پر خوشی سے جھومتے نظر آئے۔

34 سالہ نیمار اس وقت برازیلی کلب سانتوس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

وہ برازیل کے لیے 128 میچز میں 79 گول اسکور کر کے ملک کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ تاہم انجریز کے باعث وہ 2023 کے بعد پہلی مرتبہ قومی ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں۔

اس اسکواڈ میں شامل ہونے کے بعد نیمار اپنے کیریئر کا چوتھا ورلڈ کپ کھیلیں گے۔ اس سے قبل وہ 2014، 2018 اور 2022 کے عالمی کپ میں بھی برازیل کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

کارلو اینسیلوٹی نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران نیمار کی فٹنس اور فارم کا مسلسل جائزہ لیا گیا اور اب وہ بہتر جسمانی حالت میں نظر آ رہے ہیں۔

اسکواڈ میں ایلیسن بیکر، کیسمیرو، برونو گوئیمرائس اور ونشیئس جونیئر سمیت کئی اہم کھلاڑی شامل ہیں، جبکہ جاؤا پیڈرو ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

Load Next Story