رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران موبائل فون کی درآمدات میں بڑا اضافہ
رواں مالی سال 2025-26 کے پہلے دس ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران پاکستان میں موبائل فون کی درآمدات 29 فیصد سے زائد اضافے کے ساتھ ایک ارب 62 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ مقامی سطح پر موبائل فون کی مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ (جولائی سے اپریل ) کے دوران موبائل فون درآمدات کا مجموعی حجم ایک ارب 62 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں یہ حجم ایک ارب 25 کروڑ ڈالر تھا، صرف اپریل میں موبائل فون درآمدات 176 ملین ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 19فیصد زیادہ ہے جبکہ سالانہ بنیاد پر یہ اضافہ 41 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
روپے کی بنیاد پر موبائل فون درآمدات کا مجموعی حجم 455 ارب روپے رہا جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ 349 ارب روپے تھا۔ مالی سال 2024-25 میں مجموعی موبائل فون درآمدات ایک ارب 49 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔
دوسری جانب، ملک میں مقامی سطح پر موبائل فون مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
مارچ 2026 میں مقامی صنعت نے 27 لاکھ سے زائد موبائل فون تیار یا اسمبل کیے جبکہ 2026 کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی پیداوار 73 لاکھ یونٹس تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 فیصد زائد ہیں۔