سندھ سیکریٹریٹ کی 6 روز سے بجلی منقطع، سرکاری امور ٹھپ ہوگئے
سندھ سیکریٹریٹ بلڈنگ نمبر 6 کی بجلی منقطع کردی گئی جس کی وجہ سے گزشتہ 6 روز سے عمارت اندھیرے میں ڈوبی ہوئی اور سرکاری امور ٹھپ ہوگئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ سیکریٹریٹ عمارت نمبر 6 میں گزشتہ جمعرات کو بعض وجوہات کی بنا پر عمارت کی بجلی کاٹ دی گئی تھی جس کے بعد سے تاحال یہ بجلی بحال نہیں ہوسکی ہے۔
بجلی بند ہونے کے سبب اس پانچ منزلہ عمارت میں قائم سندھ حکومت کے مختلف محکموں میں کام ٹھپ ہوگیا بلڈنگ نمبر 6 چیف سیکریٹری سندھ کے دفتر کے بالکل برابر میں موجود ہے۔
عمارت میں محکمہ کالج ایجوکیشن، اسپیشل ایجوکیشن، محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، سندھ پبلک سروس کمیشن ،لاء اینڈ پراسیکیوشن اور دیگر محکموں کے درجنوں دفاتر قائم ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی نا ہونے کے سبب بعض محکموں کے افسران نے دفاتر میں بیٹھنا ہی چھوڑ دیا ہے اور کچھ محکموں کے سیکریٹریز جنریٹر کا استعمال کررہے ہیں جبکہ دیگر افسران و ملازمین بغیر بجلی کے دفاتر میں بیٹھنے پر مجبور ہیں۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ سخت گرمی میں بغیر بجلی کے دفاتر میں بیٹھنا محال ہے بجلی نا ہونے کے سبب دفاتر میں کمپیوٹر، انٹرنیٹ ڈیوائسز ،ایئرکنڈیشنر سمیت دیگر اپلائنسز بند ہیں بجلی بند ہونے سے سندھ کے ان متعلقہ محکموں میں 6 روز سے کام ہی نہیں ہوپایا ہے۔
محکمہ کالج ایجوکیشن کے ذرائع کے مطابق بلڈنگ نمبر 6 کا کنکشن محکمہ فنانس کی عمارت سے اس لیے لیا گیا تھا کہ مذکورہ محکمہ کے دفاتر لوڈ شیڈنگ فری زون میں آتے ہیں تاہم محکمہ فنانس نے یہ کنکشن نکلوادیا اب پرانا کنکشن بھی بحال نہیں ہوپارہا جس کے سبب کئی روز سے بجلی موجود نہیں ہے۔