لبنان؛ حزب اللہ کے حملے میں اسرائیلی فوج کا ایک اور کمانڈر ہلاک
لبنان کے جنوبی علاقے میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں اسرائیلی فوج کا ایک اور آفیسر مارا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں کے دوران اسرائیلی آفیسر 27 سالہ ایتمار ساپر ہلاک ہوگئے۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے مزید بتایا کہ مارے گئے آفیسر 551 ویں بریگیڈ کی 7008 ویں بٹالین میں ڈپٹی کمپنی کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے جو لبنان میں حزب اللہ کے خلاف آپریشن پر مامور تھے۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے مزید بتایا کہ جنوبی لبنان میں جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے اب تک وہاں 8 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ اپریل سے اب تک مجموعی طور پر 21 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی جاچکی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان امریکا کی ثالثی میں جنگ بندی کے باوجود حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لبنان نے اسرائیل پر سیزفائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔