الیکشن کمیشن اختر مینگل کی خالی سیٹ پر ضمنی انتخابات کروانے کیلئے تیار
آج الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس جناب سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن ،چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان، سیکرٹری الیکشن کمیشن ودیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیاکہ حلقہ این اے 256 خضدار کی سیٹ جناب اختر مینگل کے استعفی کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ جس پر الیکشن کمیشن نے 13فروری 2026 کوالیکشن پروگرام جاری کیا ۔ضمنی الیکشن کی پولنگ سے پہلے حکومت بلوچستان کی درخواست پر امن وعامہ کی خراب صورتحا ل کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے مورخہ 27مارچ 2026کو ضمنی انتخاب کا شیڈول معطل کر دیا تھا۔
اب الیکشن کمیشن حلقہ میں ضمنی انتخابات کروانے کیلئے تیار ہے۔کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان کو کہا کہ حلقہ 256خضدار میں لاء اینڈ آرڈر کی موجودہ صورتحال سے متعلق بریف کریں تاکہ الیکشن کمیشن حلقہ میں انتخاب کا عمل مکمل کرسکے۔
چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان نے بریف کیا کہ حلقہ میں دہشتگردوں کی موجودگی ، قبائلی اختلافات، الیکشن کے انعقاد کیلئے دوسرے اضلاع سے پولیس ودیگر لاء انفورسمنٹ ایجنسیز کی نقل وحمل درکار ہے۔
مزید یہ کہ حلقہ پہاڑی ٹریل پر مشتمل ہے۔ حلقہ میں امن وعامہ کی صورت حال درست نہیں لہذا مذکورہ بالا حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حلقہ میں ضمنی انتخابات کا انعقاد فی الحال ممکن نہیں ہے۔ اورنہ ہی انتخابی عملہ اور ووٹرز کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جا سکتی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین وقانون کے تحت حلقہ این اے 256خضدار میں ضمنی انتخاب کروانے کا پابند ہے۔ لہذا الیکشن کمیشن بریفنگ کی روشنی میں خضدار کے ضمنی انتخابات کے لیے مناسب فیصلہ کرے گا۔
مزیدکوئٹہ لوکل گورنمنٹ الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ کوئٹہ میں لوکل گورنمنٹس کی میعاد 27جنوری 2019کو ختم ہوگئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے 2دفعہ حلقہ بندی کی اور 3دفعہ الیکشن پروگرام جاری کیا۔لیکن کوئٹہ میں الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں ہوسکا۔
اب الیکشن کمیشن نے کوئٹہ میں حلقہ بندی کا عمل مکمل کرلیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے بھی تیار ہے۔اور کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جون 2026کے دوسرے ہفتہ میں جاری کیا جاسکتا ہے۔
مزید الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219 (3)اور بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ (2)16کے تحت کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے صوبائی گورنمنٹ سے مشاورت ضروری ہے۔ لہذا آج یہ مشاورت کی جارہی ہے۔
چیف سیکرٹری نے کوئٹہ میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کی مشاورت کے حوالے سے بتایا کہ اس معاملہ کو صوبائی کیبنٹ کی آئندہ میٹنگ میں رکھا گیا ہے تاکہ کوئٹہ میں امن وعامہ کے حالات اور دیگر امور کو سامنے رکھتے ہوئے مذکورہ بالا انتخا بات کے انعقاد سے متعلق مناسب فیصلہ کیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت جاری کی کہ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219 (3)اور بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ (2)16کے تحت آج جو مشاورت کی گئی ہے اور الیکشن کمیشن کی طرف سے جو ڈرافٹ الیکشن شیڈول مہیا کیا گیا ہے اس پر صوبائی حکومت اپنے موقف سے الیکشن کمیشن کو جلد آگاہ کرے تاکہ آئین وقانون کے مطابق کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جاسکے۔