نوجوانوں کی ذہنی صحت کے فروغ کیلیے “فٹبال فار مینٹل ہیلتھ” پروگرام کی یادداشتِ پر دستخط
پاکستان فٹبال فیڈریشن اور اقوامِ متحدہ پاکستان کے درمیان نوجوانوں کی ذہنی صحت کے فروغ کے لیے “فٹبال فار مینٹل ہیلتھ” پروگرام کی یادداشتِ پر دستخط ہوگٸے۔
تقریب میں صدر پی ایف ایف محسن گیلانی اور اقوامِ متحدہ پاکستان کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے معاہدے پر دستخط کیے جس میں پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان ماریہ خان، لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا، سی ای او پاکستان فٹبال فیڈریشن شاہد کھوکھرسمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
یادداشتِ کے تحت ملک بھر میں مرحلہ وار “فٹبال برائے ذہنی صحت” پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جن کا مقصد نوجوانوں میں ذہنی صحت سے متعلق آگاہی پیدا کرنا اور کھیلوں کے ذریعے مثبت سوچ، اعتماد اور امید کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر صدر پی ایف ایف محسن گیلانی نے کہا کہ فٹبال صرف ایک کھیل نہیں بلکہ نوجوانوں کی ذہنی صحت بہتر بنانے کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن نوجوانوں کی جسمانی کے ساتھ ذہنی صحت کے فروغ کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔
ان کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ساتھ یہ اشتراک پاکستان میں کھیلوں کے مثبت کردار کو مزید مضبوط کرے گا۔محسن گیلانی نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور ان کی ذہنی و جسمانی صحت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانا پاکستان فٹبال فیڈریشن کے وژن کا اہم حصہ ہے۔
اقوامِ متحدہ پاکستان کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے کہا کہ نوجوانوں کی ذہنی صحت کے فروغ کے لیے یہ شراکت داری ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں اعتماد، مثبت سوچ اور اتحاد پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں اور اقوامِ متحدہ پاکستان نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ ذہنی صحت پر کھل کر بات کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے، جبکہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں اس نوعیت کا منفرد پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔
لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا نے کہا کہ صدر پی ایف ایف محسن گیلانی بھی دل سے “قلندر” ہیں اور لاہور قلندرز ہمیشہ فٹبال فیڈریشن کے ساتھ تعاون کے لیے تیار رہے گی۔ لاہور قلندرز اب تک نو لاکھ سے زائد نوجوانوں کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام منعقد کر چکی ہے اور مستقبل میں پی ایف ایف کے ساتھ مل کر فٹبال کے فروغ کے لیے مزید کام کیا جائے گا۔
قومی ویمن ٹیم کی کپتان ماریہ خان نے کہا کہ فٹبال ذہنی قوت، اعتماد اور خود اعتمادی میں اضافہ کرتا ہے، جبکہ اقوامِ متحدہ یوتھ کانفرنس کی رکن ماریہ مارتھا نے کہا کہ خواتین کو کھیلوں میں حصہ لینے کے لیے مختلف چیلنجز کا سامنا ضرور ہوتا ہے، تاہم کھیل نوجوان نسل کے لیے مثبت مواقع پیدا کرتے ہیں۔